کیرالا ، پنجاب ، کرناٹک ، گجرات اور تمل ناڈو میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ
حیدرآباد۔ مہاراشٹرا میں کورونا وائر س کی دوسری لہر کی مرکزی وزارت صحت کی جانب سے توثیق کردی گئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ملک میں موجود ریاستوں میں مہاراشٹراکورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد میں سرفہرست ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں کہاگیا ہے کہ ہندوستان کی 6 ریاستوں میں پائے جانے والے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ملک بھر میں پائے جانے والے مریضوں میں 84 فیصد ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست مہاراشٹرا کے علاوہ کیرالہ ‘ پنجاب‘ کرناٹک ‘ گجرات اور تمل ناڈو سے سب سے زیادہ کورونا وائرس کے مریضوں کی توثیق ہونے لگی ہے جو کہ ملک بھر میں پائے جانے والے کورونا وائرس کے مریضوں کا 84 فیصد ہے۔ جن ریاستوں میں کورو نا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے ان میں ریاست مہاراشٹرا سرفہرست ہے اسی لئے مرکزی وزارت صحت کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ مہاراشٹرا میں کورونا وائرس کی دوسری لہر ریکارڈ کی جانے لگی ہے۔گذشتہ یوم ملک بھر میں پائے جانے والے کورونا وائرس کے مریضوں میں سب سے زیادہ مریض ریاست مہاراشٹرا میں پائے گئے ہیں جہاں 24 گھنٹے میں 17ہزار 864 مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ دوسرے نمبر پر 1970 مریضوں کی نشاندہی کے ساتھ ریاست کیرالہ ہے ‘ تیسرے نمبر پر 1463کورونا وائرس مریضوں کی نشاندہی کے ساتھ ریاست پنجاب ہے جبکہ چوتھے نمبر پر مرکزی وزارت صحت کے مطابق 1135 مریضوں کی توثیق کے ساتھ ریاست کرناٹک ہے۔ پانچویں نمبر پر ریاست گجرات ہے جہاں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 954 مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور چھٹویں نمبر پر 867 مریضوں کے ساتھ تمل ناڈو ہے ۔مرکزی وزارت صحت کے سیکریٹری مسٹر راجیش بھوشن نے حکومت مہاراشٹرا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے سخت اقدامات کو یقینی بنانے کی خواہش کی اور کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں عوام کی جانب سے کورونا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری نہیں کی جا رہی ہے جو کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کا سبب ہے۔