مہاراشٹرا میں کے سی آر کے دوسرے جلسہ عام کی تیاریاں

   

حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) مہاراشٹرا میں بی آر ایس سرگرمیوں کو وسعت دینے 26 مارچ کو قندھارلوہا میں بڑی ریلی منظم کی جارہی ہے جس سے بی آر ایس سربراہ کے سی آر خطاب کریں گے۔ ناندیڑ میں جلسہ کی کامیابی کے بعد کے سی آر نے مہاراشٹرا کی سیاست پر توجہ مرکوز کی تاکہ مجالس مقامی انتخابات میں قسمت آزمائی کی جاسکے۔ مہاراشٹرا میں اپریل و مئی میں مجالس مقامی انتخابات ہونگے ۔بی آر ایس پانچ اضلاع میں مقابلہ کا منصوبہ رکھتی ہے۔ 26 مارچ کی ریلی و جلسہ کی کامیابی کیلئے متحدہ نظام آباد اور عادل آباد کے وزراء اور ارکان اسمبلی کو ذمہ داری دی گئی ہے اور وہ ایک ہفتہ تک قندھارلوہا میں قیام کرکے انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ رکن اسمبلی آرمور جیون ریڈی نے مہاراشٹرا کسان سیل کے صدر مانک کڈم اور دیگر قائدین کے ساتھ علاقہ کا دورہ کیا۔ جیون ریڈی نے کہا کہ مہاراشٹرا کی مختلف سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے قائدین بی آر ایس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ چیف منسٹر کی آمد کے موقع پر این سی پی کے کئی قائدین بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرینگے جن میں سابق رکن اسمبلی شنکر انا دھونگے، سابق رکن اسمبلی ناگاناتھ بسواڈا، این سی پی ریاستی یوتھ سکریٹری شیوراج دھونگے و ناندیڑ سے وابستہ دیگر قائدین شامل ہیں۔ واضح رہے کہ مہاراشٹرا کے کئی قائدین نے گذشتہ دنوں کے سی آر سے پرگتی بھون میں ملاقات کی تھی۔ر