رائے دہندوں سے ملاقات، پانچ ضمانتوں پر عمل آوری کا وعدہ
حیدرآباد ۔15۔نومبر (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے جنرل سکریٹری اے آئی سی سی مانک راؤ ٹھاکرے کے ہمراہ مہاراشٹرا میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ ڈگراس دربا اسمبلی حلقہ میں مقامی قائدین کے ساتھ کانگریس امیدوار کی انتخابی مہم چلائی گئی ۔ مانک راؤ ٹھاکرے اسمبلی انتخابات سے قبل تلنگانہ کے انچارج جنرل سکریٹری رہ چکے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے لاتور اور دیگر اضلاع میں بھی کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا ہے ۔ مانک راؤ ٹھاکرے کے ہمراہ مقامی رائے دہندوں سے ملاقات کی گئی اور کانگریس کے انتخابی وعدوں پر مشتمل پمفلٹس تقسیم کئے گئے ۔ عوام سے خطاب کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ بی جے پی مہاراشٹرا میں فرقہ وارانہ ایجنڈہ پر عمل پیرا ہے ۔ سماج کو تقسیم کرتے ہوئے وہ ہندوؤں کے ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت نے عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کی ہے۔ مہاراشٹرا میں راہول گاندھی نے 5 ضمانتوں کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس برسر اقتدار آتے ہی 5 ضمانتوں پر عمل آوری کی جائے گی۔ انہوں نے تلنگانہ کی طرح مہاراشٹرا میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی قرار دیا۔ انہوں نے اقلیتوں اور کمزور طبقات سے اپیل کی کہ کانگریس اور اس کی حلیف جماعتوں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ 1