مہاراشٹرا میں ’ہِٹ اینڈ رَن‘ کا ایک اور واقعہ

   

ورلی میں کار نے موٹر سائیکل کو ماری ٹکر، خاتون کی موت، سیاست تیز

ممبئی : ممبئی کے ورلی علاقے سے ’ہِٹ اینڈ رَن‘ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ایک کار سوار نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو زور دار ٹکر ماردی، جس سے بیوی کی موت ہوگئی۔ حادثے کے بعد کار ڈرائیور فرار ہو گیا۔ یہ واقعہ اتوار (7جولائی) کی صبح 5 بجکر30 منٹ کے قریب ’اٹریہ مال‘ کے سامنے پیش آیا ہے۔خبروں کے مطابق ورلی کولی واڑہ علاقہ میں رہنے والا جوڑا اتوار کی صبح سسون ڈاک میں مچھلی خریدنے گیا تھا اور جب وہ مچھلی لے کر واپس آرہا تھا تو ان کی کار ایک فور وہیلر کار سے ٹکرا گئی۔ واقعے کے بعد ڈرائیور اپنی گاڑی لیکر وہاں سے فرار ہوگیا۔ بائک پر پیچھے بیٹھی خاتون نیچے گر کر شدید زخمی ہوگئی جسے علاج کے لیے ممبئی سنٹرل کے نائر ہاسپٹل لے جایا گیا، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ ورلی پولیس اس معاملے کی جانچ میں مصروف ہے۔واضح رہے کہ کچھ دنوں قبل ممبئی کے اندھیری ایسٹ فلائی اوور پر بھی ایسا ہی ایک حادثہ ہوا تھا۔ ایک تیز رفتار پک اپ نے سائیکل سوار دو طالب علموں وویک یادو اور امن یادو کو ٹکر مار دی تھی۔ اس حادثے میں ایک طالب علم کی موقع پر ہی موت ہو گئی تھی جبکہ دوسرا طالب علم شدید زخمی ہوگیا تھا۔ آج پیش آئے حادثہ میں سیاست تیز ہوگئی ہے۔ ملزم کا تعلق شیو سینا سنڈے گروپ سے بتا یا گیا ہے جبکہ زخمی کی عیادت کیلئے ادتیہ ٹھاکر دواخانہ پہنچ گئے ہیں۔ چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کوبھی ہو قانون کے مطابق اس کے ساتھ کاروائی کی جائے گی ۔اطلاعات کے مطابق پولیس ملزم کار چلانے والے میہر شاہ کے والد کو حراست میں لیکر پوچھ تاچھ کی جارہی ہے جبکہ میہر شاہ فرار ہے۔ پولیس نے بتایا کہ 6 پولیس ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے تاکہ ملزم کی جلد از جلد گرفتاری عمل میں لائی جاسکے۔ اس سلسلہ میں دو افرادکو گرفتار کیا گیا ہے اور بی ایم ڈبلیو گاڑی ضبط کرلی گئی ہے۔