نئی دہلی، 23نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے ہفتہ کو دعوی کیا کہ مہاراشٹر میں دیویندر فڈنویس۔اجیت پوار حکومت کو اسمبلی میں کم از کم 168اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل ہے اور یہ حکومت پورے پانچ برس استحکام کے ساتھ ریاست کی خدمت کرے گی۔بی جے پی کے ترجمان سید ظفر اسلام نے یہا ں کہا کہ مہاراشٹر میں نئی حکومت کے پاس مکمل اکثریت ہے ۔ وزیراعلی اسمبلی میں آسانی کے ساتھ اکثریت ثابت کردیں گے۔ اکثریت کے اعداد و شمار کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے بی جے پی کے مہاراشٹر کے صدر چندرکانت پاٹل کے حوالہ سے دعوی کیا کہ حکومت کی حمایت کو کم از کم 168اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔ رپورٹ کے مطابق اجیت پوار نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے 22 اراکین اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کرکے بی جے پی کی قیادت والی حکومت میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا لیکن اکثریت کے لئے شیوسینا کے اراکین اسمبلی کے بھی ٹوٹنے کے بارے میں پوچھے جانے پر ظفر نے کہاکہ وہ بالکل ٹھیک اعداد و شمار کے بارے میں نہیں بتا سکتے پر دعوی کرتے ہیں لیکن ایوان میں کم از کم 168اراکین اسمبلی حکومت کی حمایت میں ہیں۔