ممبئی : تقریباً 2.6 لاکھ سرکاری ملازمین جن کا شعبہ نگہداشت صحت سے تعلق ہے ، انہیں مہاراشٹرا میں کورونا وائرس ویکسین کے پہلے مرحلے میں ٹیکے لگائے جائیں گے۔ ان ترجیحی ملازمین میں ڈاکٹرس اور نرسیس شامل ہیں ۔ ریاستی حکومت نے ٹیکہ اندازی کیلئے تیاری سے متعلق آج اپنا پہلا جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ جہاں اسٹوریج اور ٹرانسپورٹیشن کی سہولتوں پر غور کیا گیا ، جنہیںویکسین دیا جائے گا ، ان کی قطعی فہرست کی تیاری پر بھی غور ہوا۔ ٹیکہ اندازی کیلئے بوتھس قائم کئے جائیں گے۔ محکمہ صحت کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ریاست میں ہیلتھ سیکٹر میں برسرکار تقریباً 2.6 لاکھ ملازمین کو فرسٹ راؤنڈ میں ویکسین کی خوراک دی جائے گی۔ گورنمنٹ کے پورٹل پر 16,245 ملازمین رجسٹرڈ ہیں۔ یہ پورٹل ترجیحی طور پر ویکسین دیئے جانے والے ملازمین کے ڈیٹا کی تیاری کیلئے بنائی گئی ہے۔ پہلے راؤنڈ کے ترجیحی ملازمین میں اول محاذ پر کام کرنے والے ورکرس جیسے پولیس ، ہوم گارڈ ، نیم فوجی دستے، اسٹیٹ اور سنٹرل ریزرو فورسیس کے علاوہ وہ لوگ بھی شامل ہیں جن کی عمر 50 سال سے زائد ہے اور جو مختلف امراض میں مبتلا ہیں۔ یہ ٹیکہ اندازی الیکشن کمیشن کے سسٹم کے خطوط پر منعقد کی جائیں گی۔ جن لوگوں کو پہلے ویکسین دیا جانا ہے ، ان کی فہرست تیار کرلی جائے گی اور ان کی شناخت دیکھ کر ہی انہیں ویکسین سے پہلے استفادہ کا موقع دیا جائے گا۔ ٹیکہ اندازی کیلئے ملازمین دواخانوں میں قائم شدنی بوتھس سے رجوع ہوں گے۔ ویکسین کو محفوظ رکھنے کیلئے ریاستی سطح پر ایک سنٹرل کولڈ اسٹوریج سنٹر تیار ہے۔