مہاراشٹرا میں 39 وزراء نے حلف لیا ‘ حسن مشرف واحد مسلم وزیر

,

   

بی جے پی ‘ شیوسینا شنڈے اور این سی پی اجیت پوار کے سینئر قائدین کی کابینہ میں شمولیت

ناگپور : مہاراشٹرا میں کافی انتظار کے بعد بالآخر کابینہ کی تشکیل عمل میں آئی اور دیویندر فڑنویس حکومت میں وزراء کو ناگپور کے راج بھون میں حلف دلایا گیا ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر چندر شیکھر باون کولے ‘ رادھا کرشنا وکھے پاٹل ‘ آشیش شیلر ‘ چندر کانت پاٹل ‘ گریش مہاجن ‘ گنیش نائک ‘ منگل پرتاپ لوڈھا ‘ جئے کمار راول ‘ پنکجا منڈے اور اتل ساوے وزیر کی حیثیت سے حلف لینے والوں میں شامل ہیں۔ اسی طرح شیوسینا ( شنڈے گروپ ) کے دادا بھوسے ‘ شمبھو راج دیسائی ‘ سنجے راتھوڑ ‘ گلاب راؤ پاٹل اور اودئے سامنت نے بھی وزراء کی حیثیت سے حلف لیا ہے ۔ اجیت پوار کی این سی پی کے قائدین مانک راؤ کوکاٹے ‘ دتاتریہ وٹھوبا بھرنے ‘ حسن مشرف ‘ آدیتی سنیل تتکارے اور دھننجے منڈے حلف لینے والوں میںشامل ہیں۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کی حیثیت سے دیویندر فڑنویس کی تیسری مرتبہ حلف برداری کے 10 دن بعد وزراء کو حلف دلایا گیا ہے ۔ چیف منسٹر دیویندر فڑنویس نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ وہ بھی چیف منسٹر بن گئے ہیں اور چیف منسٹر بننے کے بعد وہ اپنی جنم بھومی ( ناگپور ) آئے ہیں۔ ناگپور ان کا خاندان ہے اور یہاںآکر انہیں خوشی ہو رہی ہے ۔ فڑنویس اپنی شریک حیات امروتا فڑنویس ‘ ریاستی بی جے پی صدر چندر شیکھر باون کولے اور دوسرے قائدین کے ساتھ ناگپور ائرپورٹ سے ایک سجی سجائی گاڑی پر سوار ہوئے اور پھر راج بھون پہونچے ۔ تقریب حلف برداری میںچیف منسٹر کے علاوہ دونوں ڈپٹی چیف منسٹرس ایکناتھ شنڈے اور اجیت پوار بھی شریک تھے ۔ مہاراشٹرا میں کابینہ کی تشکیل کے بعد کابینہ کے تمام 42 قلمدان پورے ہوگئے ہیں۔ آج کی تقریب میں جملہ 39 وزراء کو حلف دلایا گیا ہے ۔ کہا گیا کہ جس طرح سے مہایوتی اتحاد میں چیف منسٹر کے عہدہ کے تعلق سے تعطل پیدا ہوا تھا اور چیف منسٹر و ڈپٹی چیف منسٹرس کی حلف برداری میں تاخیر ہوئی تھی اسی طرح سے کابینہ کی تشکیل میں بھی مسائل درپیش رہے ۔ حلیف جماعتیں اہم قلمدانوں کے تعلق سے رسہ کشی میں تھیں اور ان پر اتفاق رائے نہیں ہو پا رہا تھا ۔ بالآخر آج کابینہ میں 39 وزراء کو حلف دلایا گیا ہے ۔