تحفظات کا مرکز سے کوئی تعلق نہیں، سیاسی فائدہ اٹھانے مسلمانوں سے جھوٹی ہمدردی
حیدرآباد۔ 23 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن کونسل ٹی جیون ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کو مسلم اور ایس ٹی تحفظات کی فراہمی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے اور وہ انتخابی فائدے کے لیے اسمبلی میں دونوں طبقات کے ساتھ جھوٹی ہمدردی دکھا رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ تحفظات کی فراہمی کا مرکز سے کوئی تعلق نہیں ہے لیکن کے سی آر 50 فیصد کی حد کا بہانہ بناکر دونوں طبقات سے کھلواڑ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دستور ہند کے مطابق درج فہرست قبائل کو آبادی کے تناسب سے تحفظات فراہم کئے جانے چاہئیں۔ تلنگانہ میں درج فہرست قبائیل کی آبادی 10 فیصد ہے لیکن انہیں صرف 6 فیصد تحفظات حاصل ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تحفظات کی فراہمی میں 50 فیصد کی کوئی حد نہیں ہے جیسا کہ کے سی آر کہہ رہے ہیں۔ مہاراشٹرا میں موجودہ 52 فیصد تحفظات کے علاوہ حکومت نے مراٹھا طبقے کو 16 فیصد تحفظات فراہم کئے تھے۔ عدالت نے اسے گھٹاکر 12 فیصد کردیا۔ اس طرح سپریم کورٹ نے 64 فیصد مجموعی تحفظات کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب مہاراشٹرا میں 64 فیصد تحفظات کو سپریم کورٹ کی منظوری حاصل ہوسکتی ہے تو تلنگانہ میں کیوں نہیں۔ چیف منسٹر تحفظات کے مسئلہ پر بار بار مرکز سے نمائندگی کا تیقن دے رہے ہیں جبکہ اس معاملے کا مرکز سے کوئی تعلق نہیں۔ دراصل چیف منسٹر کی نیت نہیں ہے کہ وہ تحفظات فراہم کریں۔ مرکز کا نام لے کر مسئلہ کو ٹالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جیون ریڈی نے چیف منسٹر پر قانون ساز کونسل کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازل اسمبلی میں جن مسائل پر مباحث نہیں ہوسکتے اس بارے میں کونسل میں حکومت سے وضاحت طلب کی جاسکتی ہے۔ لیکن چیف منسٹر نے اپنی غیرحاضری کے ذریعہ کئی اہم مسائل پر وضاحت کا موقع نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹیچرس کے اہلیتی امتحان گزشتہ دو سال سے منعقد نہیں ہوئے جبکہ دو لاکھ امیدوار امتحان کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر فوری تقررات کیے جائیں۔ انہوں نے لوک آیوکت اور اُپ لوک آیوکت کے عہدوں کو پر نہ کیے جانے کی مذمت کی اور کہا کہ چیف منسٹر ایک طرف کرپشن کے خاتمے کی بات کرتے ہیں تو دوسری طرف ان اداروں پر عدم تقررات کے ذریعہ کرپشن کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ عوام ہمیشہ ایک طرح نہیں رہتے وہ باشعور ہوچکے ہیں اور کے سی آر حکومت کو سبق سکھانے تیار ہیں۔