مہاراشٹرا کابینہ میں توسیع ، چار مسلم وزراء سمیت 36 کی حلف برداری

,

   

این سی پی لیڈر اجیت پوار کی ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے واپسی ۔ آدتیہ ٹھاکرے نے بھی وزیر کی حیثیت سے حلف لیا

ممبئی ۔30 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام)مہاراشٹرا کی تین سیاسی پارٹیوں کانگریس، این سی پی اور شیوسیناپر مشتمل مخلوط حکومت مہاوکاس اگھاڑی کے قیام کے ایک ماہ بعد آج ریاستی کابینہ میں توسیع عمل میں آئی جس کے دوران گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے 36 نئے وزراء کو حلف دلایا جس میں این سی پی کے لیڈر اجیت پوار نے نائب وزیر اعلی کا حلف لیا جبکہ کل ملا کر کابینی اور ریاستی درجہ کے 36؍وزراء کی حلف برداری عمل میں آئی جن میں چار مسلم وزراء عبدالستار(شیوسینا)، نواب ملک و حسن شریف (این سی پی ) اور اسلم شیخ (کانگریس )ہیں۔ اس موقع پرجن وزراء کی حلف برداری عمل میں آئی ان میں 36 کے منجملہ 26 کابینی اور 10 مملکتی وزراء ہیں۔این سی پی کے 10 کابینی اور چار مملکتی وزراء ہیں، شیوسینا آٹھ کابینی اور چار مملکتی وزراء ہیں جبکہ کانگریس کے آٹھ کابینی اور دو مملکتی وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا گیا ۔ اس طرح کابینہ میں اب وزراء کی تعداد (43) ہوگئی ہے ۔ وزراء کی کونسل کو جملہ ارکان اسمبلی کی تعداد کے (15) فیصد سے زیادہ نہیں کیا جاسکتا ۔ اسمبلی میں ارکان کی جملہ تعداد 288 ہے ۔ 29 سالہ آدتیہ ٹھاکرے ، ٹھاکرے خاندان کے پہلے وزیر ہوں گے ، توقع ہے کہ اُنھیں ماحولیات یا اعلیٰ تعلیم کی وزارت دی جائیگی ۔ ان کے علاوہ رویندر رائیکر، اودئے سامنت ،گلاب راو پاٹل ،دادابھوسے ،انیل پرب اور دیواکر راوتے ہیں ۔ کانگریس سے اشوک چوہان نے حلف لیا ،وہ سابق وزیر اعلی ہیں،پرتھوی راج چوہان،کے سی پاڑوی، وجے بیٹیوار، امیت دیشمکھ،یشومتی ٹھاکر،ستیج پاٹل، وشوجیت کدم، امین پٹیل،ورشا گائیکواڑ اور سابق وزیراعلی و سابق مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے کی دخترپرینیتی شنڈے ہیں ۔ این سی پی کے طاقتور ترین لیڈر اجیت داداپوار مہاراشٹر کے مشہور اسمبلی حلقہ انتخاب بارہ متی سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ دو مرتبہ ریاست کے نائب وزیر اعلی کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ کانگریس این سی پی حکومت میں وہ نائب وزیر اعلی تھے اور حال ہی میں مہاراشٹر میں اقتدار میں تبدیلی سے قبل بی جے پی لیڈر دیوندرفڈنویس کے ہمراہ نائب وزیر اعلی کا حلف لیاتھا لیکن 80 گھنٹوں کے بعد ہی انہوں نے استعفیٰ دے کر این سی پی میں شامل ہوگئے ۔نواب ملک این سی پی کا ایسا مسلم چہرہ ہے جس نے مہاراشٹر میں اقتدار میں تبدیلی سے قبل قومی سطح پر تشہیر پائی تھی ۔ وہ راشٹر وادی کانگریس پارٹی کے ترجمان بھی ہیں ممبئی کے مضافات انوشکتی نگر سے رکن اسمبلی ہیں اس سے قبل مہاراشٹر کی حکومت میں کابینی درجے کے وزیر تھے ۔حسن مشرف ریاست کے کولہاپور شہر کے کاگل نامی حلقہ انتخاب سے راشٹر وادی کانگریس کے رکن اسمبلی ہیں انہیں تیسری مرتبہ ایم ایل اے بننے کا شرف حاصل ہوا ہے ۔ کانگریس حکومت میں وہ کابینی درجہ کے وزیر بھی تھے ۔ ان کے بھائی ایس ایم مشرف سابق آئی پی ایس آفیسر ہیں اور انہوں نے بھگوا دہشت گردی کے تعلق سے ایک کتاب لکھی ہے جس کی اشاعت کے بعد ریاست میں کھلبلی مچ گئی تھی۔ان کے علاوہ این سی پی کے دوسرے وزراء راجیش ٹوپے ، دلیپ ولسے پاٹل ، دھننجئے منڈے نوجوان رکن اسمبلی کرجت ،ایل دیشمکھ اور سنگرام جگتاپ ہیں ۔