مہاراشٹرا کانگریس کے نائب صدر ہدایت پٹیل کا قتل

   

Ferty9 Clinic

ممبئی ۔ 7 جنوری (ایجنسیز) مہاراشٹرا کانگریس کے نائب صدر ہدایت پٹیل اکولہ میں چاقو کے وحشیانہ حملے کے بعد آج صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔ وہ منگل کے روز اکولہ ضلع کے اکوت شہر میں حملے کا شکار ہوئے تھے اور زیر علاج تھے، تاہم دورانِ علاج ان کی حالت بگڑ گئی۔پولیس کے مطابق اس معاملے میں 25 سالہ ملزم عبید پٹیل کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جو مقتول کے ہی طبقے سے تعلق رکھتا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ حملہ قریبی سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہو گیا تھا، جس کی مدد سے ملزم کی شناخت اور گرفتاری ممکن ہوئی۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ واقعہ کی وجہ فوری سیاسی کشیدگی نہیں بلکہ پرانی ذاتی اور خاندانی دشمنی تھی۔اکولہ پولیس کے مطابق یہ واقعہ منگل کو دوپہر تقریباً دو بجے پیش آیا۔ ہدایت پٹیل نماز کے بعد مسجد سے باہر نکل رہے تھے کہ اسی وقت موجود عبید پٹیل نے ان پر اچانک چاقو سے متعدد وار کر دیے اور موقع سے فرار ہو گیا۔حملے کے فوراً بعد ہدایت پٹیل خود چل کر مقامی اسپتال پہنچے تھے، تاہم بعد میں ان کی حالت مزید خراب ہو گئی۔ جس کے بعد انتظامیہ نے گرین کوریڈور بنا کر انہیں اکولہ کے ایک بڑے اسپتال منتقل کیا۔ علاج کے دوران انہیں دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد ان کا انتقال ہو گیا۔