بی جے پی کو فائدہ پہنچانے ملک بھر میںمنصوبہ بند طریقہ سے ووٹر لسٹ میں چھیڑ چھاڑکا الزام
ڈیٹا کی فراہمی سے انکار پر الیکشن کمیشن پر تنقید‘ انتخابی نظام پر قائد اپوزیشن کا سوالیہ نشان
نئی دہلی ۔7؍اگست ( ایجنسیز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے اندرا بھون، نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں انتخابی نظام، ووٹر لسٹ اور انتخابی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔ یہ کانفرنس ایک ایسے وقت میں ہو ئی جب بہار سمیت کئی ریاستوں میں ووٹر لسٹوں کی نظرثانی جاری ہے اور اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن پر حکومتی دباؤ میں کام کرنے کا الزام لگا رہی ہیں۔راہول گاندھی نے پریس کانفرنس کی شروعات آئین کے اس بنیادی اصول سے کی ’ایک فرد، ایک ووٹ‘۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اصول صرف کتابی بات نہیں بلکہ جمہوریت کی بنیاد ہے لیکن جب جعلی ووٹرز شامل کیے جائیں، اصل ووٹرز کے نام غائب ہوں اور اپوزیشن کو ڈیٹا تک رسائی نہ ملے تو جمہوری عمل بے معنی ہو جاتا ہے۔انہوں نے مہاراشٹر اکے انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں چالیس لاکھ مشتبہ ووٹرز موجود ہیں اور یہ صرف ایک ریاست کی بات نہیں۔ کرناٹک کے ایک اسمبلی حلقہ مہادیو پورہ علاقہ کی جانچ کی گئی اور پایا کہ یہاں 100250 ووٹوں کی چوری کی گئی۔ 5 طریقوں سے یہ فرضی ووٹ لسٹ میں جوڑے گئے۔ راہول نے وہ 5 طریقے بھی بتائے اور ڈاٹا بھی پیش کیا ہے کہ کس طریقے سے کتنے ووٹوں کی مبینہ دھاندلی مہادیو پورہ اسمبلی حلقہ میں ہوئی۔ راہول گاندھی نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ آخر بی جے پی کو اینٹی انکمبنسی کا سامنا کیوں نہیں ہوتا؟ راہول گاندھی نے صرف ووٹر لسٹ ہی نہیں بلکہ انتخابی عمل کے پورے نظام پر سنگین سوالات اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے دلوں میں ایک عرصے سے شکوک پیدا ہو رہے ہیں۔ سب جمہوری نظاموں میں اینٹی انکمبنسی یعنی حکومت کے خلاف رائے عامہ کا رجحان نظر آتا ہے لیکن حیرت کی بات ہے کہ بی جے پی واحد ایسی جماعت ہے جس پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔راہول گاندھی نے مزید نشاندہی کی کہ بی جے پی کی کامیابیاں اکثر حیران کن حد تک بڑی ہوتی ہیں اور یہ نتائج رائے عامہ اور ایگزٹ پولز سے یکسر مختلف ہوتے ہیں۔ پورے انتخابی مرحلے ایسے ترتیب دیے جاتے ہیں کہ بی جے پی کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ مہاراشٹرا میں الیکشن ہارے نہیں، بلکہ وہ چرایا گیا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ووٹر لسٹ میں شامل ان مشتبہ ناموں کی تحقیقات ہونی چاہیے اور الیکشن کمیشن کو واضح طور پر بتانا چاہیے کہ موجودہ ووٹر لسٹ درست ہے یا غلط۔ الیکشن کمیشن کانگریس کو ضروری ڈیٹا فراہم کرنے سے انکار کرتا رہا ہے۔ ہم نے بار بار کمیشن سے الیکٹرانک ڈیٹا مانگا مگر ہمیں نہیں دیا گیا یہاں تک کہ جواب دینا بھی گوارا نہیں کیا گیا۔راہول گاندھی کے مطابق یہ معاملہ صرف مہاراشٹرا تک محدود نہیں بلکہ پورے ملک میں ایک منصوبہ بند طریقے سے ووٹر لسٹ میں چھیڑ چھاڑ کی جا رہی ہے، تاکہ مخصوص سیاسی جماعتوں کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔انہوں نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن پر شدید سوالات اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ ملک بھر میں ووٹر لسٹ میں چھیڑ چھاڑ کے ذریعے بی جے پی کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے۔
راہول گاندھی کی آج کرناٹک الیکشن کمیشن کیخلاف مظاہرے میں حصہ لیں گے
نئی دہلی، 07 اگست (یو این آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہوُل گاندھی جمعہ کو بنگلورو جائیں گے جہاں وہ ریاستی الیکشن کمیشن کیخلاف مظاہرے میں شرکت کریں گے ۔ یہ مظاہرہ پہلے 5 اگست کو ہونا تھا لیکن اسی دوران جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ شِبو سورین کے انتقال کے سبب اسے ملتوی کر دیا گیا تھا ۔ یہ مظاہرہ جمعہ کی صبح 11 بجے بنگلورو کے فریڈم پارک میں ہوگا۔ کانگریس‘ ووٹر لسٹ میں مبینہ چھیڑ چھاڑ کیخلاف ریاستی الیکشن کمیشن کے دفتر تک احتجاجی مارچ کرے گی جس میں راہول گاندھی بھی شرکت کریں گے ۔