بی جے پی اور حریف اتحاد کا اکثریت حاصل ہونے کا ادعاء ، اجیت پوار اپنی قیامگاہ واپس ، پارٹی میں واپسی متوقع
نئی دہلی /24 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) 12 بجے دن مہاراشٹرا مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا کہ کسی کو بھی ایوان اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کے طریقہ پر اعتراض نہیں ہے ۔ 11.53 منٹ پر سالیسیٹر جنرل تُشہار مہتا نے مرکز کی جانب سے پیروی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تشکیل دینے کیلئے کوئی بھی بنیادی حق نہیں رکھتا ۔ اس لئے ہر درخواست منظور کی جاسکتی ہے ۔ 11.50منٹ پر سینئیر قانون داں مُکول روہتگی نے بعض بی جے پی قائدین کی پیروی کرتے ہوئے کہا کہ یہ درخواست بامبئے ہائی کورٹ میں پیش کی جانی چاہئے تھی ۔ 11.49 منٹ پر دیویندر فرنویس نے کہا کہ انہیں اکثریت حاصل ہے اور وہ ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کر دکھائیں گے ۔ 11.47 منٹ پر شیو سینا ۔ این سی پی ۔ کانگریس اتحاد نے سپریم کورٹ سے گذارش کی تھی کہ وہ ایوان اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کی فوری ہدایات دیں ۔ 11.46 منٹ پر گورنر کی جانب سے صدر راج کی درخواستگی اور جمہوری طور پر منعقدہ حکومت تشکیل دینے کی ہدایت کو جانبداری قرار دیتے ہوئے قانون داں کپل سبل نے سپریم کورٹ میں بیان دیا ۔ 11.44 منٹ پر سپوریٹ میں مہاراشٹرا مقدمہ کی سماعت کا آغاز ہوا ۔ 11.42 منٹ پر این سی پی قائد جینت پاٹل نے راج بھون میں گورنر پوشیاری سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں اجیت پوار کی قائد مقننہ پارٹی این سی پی کے عہدے سے برطرفی کی اطلاع دی ۔ 11.38 منٹ پر کپل سبل نے سپریم کورٹ میں شیو سینا کی پیروی کرتے ہوئے کہا کہ ججوں کو اتوار کے دن تکلیف دینے پر وہ معذرت خواہی کرتے ہیں ۔ 11.35 منٹ پر سپریم کورٹ نے تبصرہ کیا کہ تین پارٹیوں کی درخواست پر کہ انہیں تشکیل حکومت کی دعوت دی جائے اور شیوسینا کے سربراہ اودھو ٹھاکرے کو بحیثیت چیف منسٹر حلف برداری کی اجازت دی جائے ۔ وہ مقدمہ کی سماعت کیلئے اتوار کے دن بھی عدالت منعقد کر رہے ہیں ۔ شیوسینا ، این سی پی اور کانگریس نے اپنی درخواست میں 165 ارکان اسمبلی کی تائید حاصل کرنے کا ادعاء کیا تھا ۔ 11.29 منٹ پر اطلاع ملی کہ این سی پی کے جو ارکان اسمبلی لاپتہ ہوگئے تھے وہ واپس آگئے ہیں ۔ دریں اثناء بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نے شرد پوار سے ملاقات کی ۔ 11.25 منٹ پر سپریم کورٹ نے مہاراشٹرا مقدمہ کی سماعت شروع ہوئی ۔ سابق چیف منسٹر پریتھوی راج چاوان ترجمان رندیپ سُرجے والا سپریم کورٹ پہونچے تاکہ سماعت میں شریک ہوسکیں ۔ ہفتہ کے دن بحیثیت ڈپٹی چیف منسٹر حلف اٹھانے والے سینئیر این سی پی قائد 9.20 منٹ پر اپنی خانگی قیامگاہ پر واپس آگئے ۔ این سی پی کو یقین ہے کہ وہ دوبارہ پارٹی میں بھی واپس آجائیں گے ۔