ممبئی ۔25؍اکتوبر( ایجنسیز ) ہندوستان کے تاریخی اور روایتی مقامات اور شہروں کے نام بدلنے کی سیاست پر کافی تنقید کے بعد حالانکہ یہ سلسلہ رک گیا تھا مگر ایسا لگتا ہے کہ ایک بار پھر نام بدلنے کا ہنگامہ شروع کر کے کچھ لوگ اپنا ووٹ بینک ٹھیک کرنے میں مصروف ہو گئے ہیں۔ کچھ اسی طرح کا ایک معاملہ مہاراشٹرا میں سامنے آیا ہے جہاں کے سانگلی ضلع کے اسلام پور گاوںٔ کا نام اب سرکاری طور پر تبدیل کر کے ’ایشور پور‘ کر دیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق ہندوستانی محکمہ آثار قدیمہ نے اس تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ 13 اگست 2025 کو حکومت ہند کی وزارت داخلہ کے خط کی بنیاد پر لیا گیا ہے۔ اسلام پور میونسپل کونسل نے 4 جون 2025 کو شہر کا نام ’ایشور پور‘ کرنے کی قرارداد منظور کی تھی۔ہندوستانی محکمہ آثار قدیمہ کے سپرنٹنڈنگ سرویئر تشار ویشیہ نے وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی کو خط لکھ کر گزٹ نوٹیفکیشن جلد جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس کی معلومات وزارت داخلہ، سرویئر جنرل آف انڈیا کے دفتر، ویسٹرن ریجن، جے پور اور پونے ڈائریکٹوریٹ کو بھی بھیج دی گئی ہیں۔اس سے قبل ایشور پور کا نام تبدیل کرنے کے لیے مقامی سطح پر بڑے پیمانے پر عوامی مارچ نکالا گیا تھا۔