مہاراشٹرا کے بیڈ میں مسجد کے قریب دھماکہ، 2 گرفتار

,

   

ممبئی :مہاراشٹر اکے بیڈ ضلع میں آج علی الصبح ایک مسجد کے قریب ایک دھماکہ ہوا جس میں جیلیٹن استعمال کیا گیا۔ حکام فی الحال معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ ابتدائی نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ دھماکہ ذاتی تنازعہ کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ اس معاملے میں دو لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔گاؤں کے سرپنچ کی کال ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ تلواڈا پولیس نے ایک ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، کوئیک ریسپانس ٹیم (کیو آر ٹی) اور فارنسک ماہرین کے ساتھ فوری تحقیقات کا آغاز کیا۔ دھماکے کی جگہ کا تجزیہ کرنے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس (اورنگ آباد رینج) وریندر مشرا نے مزید جانچ کے لیے مقام کا دورہ کیا۔ بیڈ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نونیت کوانت کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعہ کو سنجیدگی سے لیا ہے اور رہائشیوں کو یقین دلایا ہے کہ تمام ضروری کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔گرفتار افراد فی الحال تلواڈا پولیس اسٹیشن میں پولیس کی حراست میں ہیں ان کے خلاف الزامات درج ہیں۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی خلل پیدا کرنے والی سرگرمیوں سے گریز کریں۔ ایس پی کاونت نے یقین دلایا کہ تحقیقات تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اور جلدازجلد مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عیدالفطر کے موقع پر بھی پولیس کی جانب سے مہاراشٹرا کے تمام حساس علاقوں بشمول بیڈ میں سخت چوکسی برتی جارہی ہے اور عوام سے بھی پرامن رہنے کے علاوہ افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کی گئی ہے۔