ممبئی ۔ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے سابق چیف منسٹر نارائن رانے کانگریس رکن اسمبلی کے فرزند نتیش نارائن رانے اور ان کے حامیوں نے مہاراشٹرا کے کانکے ولی میں ممبئی، گوا شاہراہ کے قریب ایک پل پر انجینئر پرکاش شیڈکر پر کیچڑ بھرا بکیٹ انڈیل دیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب یہ لوگ شاہراہ پر کھڈوں کا معائنہ کرنے کیلئے پہنچے۔ ان لوگوں نے ندی پر گذرنے والے پل سے انجینئر کو باندھنے کی بھی کوشش کی۔ اسی دوران کانگریس رکن اسمبلی نتیش نارائن رانے اور ان کے دو ساتھیوں نے خود کو پولیس کے حوالہ کردیا۔ پولیس نے انجینئر پر کیچڑ پھینکنے کے الزام میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کیا تھا۔ پولیس کو دیگر ساتھیوں کی تلاش ہے۔ ویڈیو میں بتایا گیا ہیکہ رانے اور ان کے ساتھیوں نے انجینئر پر کیچڑ پھینکتے ہوئے انہیں پل سے باندھنے کی کوشش کی تھی۔