مہاراشٹرا کے ضلع ناندیڑ میں آج بی آر ایس کا جلسہ عام، عامر شکیل

   

چیف منسٹر کے سی آر کی موجودگی میں کانگریس، بی جے پی، این سی پی کے قائدین بی آر ایس میں شمولیت

حیدرآباد ۔25 مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس کا مہاراشٹرا میں 26 مارچ کو منعقد ہونے والے دوسرے جلسہ عام کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ ایک لاکھ عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں، جس میں بی آر ایس کے قومی سربراہ و چیف منسٹر کے سی آر مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ اس جلسہ عام میں این سی پی کے علاوہ دوسری جماعتوں کے قائدین بی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ ضلع ناندیڑ کے اسمبلی کندہار میں اتوار کو جلسہ عام منعقد ہورہا ہے۔ بی آر ایس کے ارکان اسمبلی جیون ریڈی، شکیل عامر مہاراشٹرا کسان سیل کے صدر مانک راؤ کدم، کندہار کے سابق رکن اسمبلی شنکر انا ڈونڈگے، کناڈ کے سابق رکن اسمبلی ہرشوردھن جادو کے علاوہ دوسرے قائدین جلسہ عام کے انعقاد کی تیاریاں کررہے ہیں۔ مہاراشٹرا کے علاوہ تلنگانہ کے سرحدی اضلاع کے عوام بھی اس جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ بی آر ایس کے ارکان اسمبلی عامر شکیل اور جیون ریڈی نے بتایا کہ مہاراشٹرا کے عوام تلنگانہ کے ترقیاتی اقدامات اور فلاحی اسکیمات سے بے حد متاثر ہیں۔ اس طرح کی ترقی اور فلاحی اسکیمات مہاراشٹرا میں متعارف کرانے بی آر ایس کی بھرپور تائید و حمایت کررہے ہیں بالخصوص کسانوں کی ترقی اور زرعی شعبہ کے فروغ کیلئے جو اقدامات کئے جارہے ہیں اس سے متاثر ہیں۔ آج کے جلسہ عام میں کانگریس، بی جے پی، این سی پی، شیوسینا کے علاوہ دوسری جماعتوں کے قائدین چیف منسٹر کی موجودگی میں بی آر ایس میں شامل ہوں گے۔ن