مہاراشٹرا کے مراہٹواڑہ میں اتم کمار ریڈی کی کانگریس کے حق میں انتخابی مہم

   

مہا وکاس اگھاڑی کی کامیابی کا دعویٰ، 5 ضمانتوں پر عمل آوری کا بھروسہ دلایا
حیدرآباد۔/7 نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی و سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے مہاراشٹرا کے اسمبلی انتخابات میں مہا وکاس اگھاڑی اتحاد کی کامیابی کی پیش قیاسی کی ہے۔ مہاراشٹرا کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کے سینئر آبزرور کے طور پر اتم کمار ریڈی نے جالنہ اور پھولمبری میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا اور مراہٹواڑہ علاقہ کے مقامی کانگریس قائدین کے ساتھ اجلاس میں انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس، شیوسینا ( ادھو ٹھاکرے ) اور این سی پی ( شرد پوار ) اتحاد کو اسمبلی چناؤ میں شاندار کامیابی حاصل ہوگی اور عوام بی جے پی زیر قیادت اتحاد کو مسترد کردیں گے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مراہٹواڑہ علاقہ میں کانگریس کے حق میں لہر پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں اپوزیشن اتحاد کو 48 نشستوں میں 31 پر کامیابی حاصل ہوئی اور اسمبلی چناؤ میں کامیابی کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا الائینس کے ساتھ عوام ہیں اور 200 سے زائد نشستوں پر کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی انتخابی وعدوں کی تکمیل کا ریکارڈ رکھتی ہے۔ ہماچل پردیش، کرناٹک اور تلنگانہ میں انتخابی وعدوں کی تکمیل کی گئی اور راہول گاندھی نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کا جو اعلان کیا تھا اس پر تلنگانہ میں عمل آوری شروع ہوچکی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے عوام کو یقین دلایا کہ اپوزیشن اتحاد عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرے گا۔ ایکناتھ شنڈے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مہاراشٹرا کے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا گیا ہے۔ بی جے پی نے اپوزیشن پارٹیوں کو پھوٹ کا شکار بناتے ہوئے دھوکہ سے حکومت تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ادھو ٹھاکرے کی زیر قیادت سابق حکومت سیکولرازم پر قائم رہی لہذا سازش کے تحت اسے زوال سے دوچار کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ اس کے علاوہ تمام طبقات کی پسماندگی کا جائزہ لینے کیلئے مردم شماری کا آغاز کیا گیا۔ مہاراشٹرا میں کانگریس نے 5 ضمانتوں کا وعدہ کیا ہے جن میں خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت، خواتین کو ماہانہ 3 ہزار روپئے کی امداد، کسانوں کو تین لاکھ روپئے تک قرض معافی اور بروقت قرض کی ادائیگی پر 50 ہزار روپئے بونس ادائیگی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ملک میں تحفظات کی موجودہ 50 فیصد حد کو ختم کرتے ہوئے آبادی کے اعتبار سے تحفظات فراہم کرے گی۔1