مہاراشٹرا کے کانگریس لیڈرسریش ورپوڈکر بی جے پی میں شامل

   

اورنگ آباد27جولائی (یو این آئی)مراٹھواڑہ میں کانگریس پارٹی کو اس وقت بڑا دھکہ لگا جب پارٹی کے سینئر لیڈر اور پربھنی ضلع کے سابق ایم ایل اے اور سابق ریاستی وزیر سریش ورپوڈکر نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس پیش رفت کو ریاست کی سیاست میں ایک اہم موڑ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق، سریش ورپوڈکر نے حالیہ دنوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی سطح کے سینئر رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور بی جے پی میں شمولیت پر رضامندی ظاہر کی۔ ان کی شمولیت کی باضابطہ تصدیق 29 جولائی منگل کو ممبئی میں واقع بھارتیہ جنتا پارٹی کے دفتر میں کی جائے گی، جس کے بعد ان کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا گیا۔ورپوڈکر کی بی جے پی میں شمولیت سے کانگریس پارٹی کی مراٹھواڑہ میں سیاسی حیثیت کو بڑا نقصان پہنچ سکتا ہے ، خاص طور پر جب کہ وہ ضلع پربھنی میں پارٹی کے صدر اور ایک بااثر رہنما رہے ہیں۔ ان کی سیاسی ساکھ اور تجربہ بی جے پی کے لیے یقینی طور پر فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے ۔