ممبئی۔ مہاراشٹرا کی دوسری راجدھانی ناگپور شہر سے متصلہ واڑا نامی علاقے میں واقع ایک کورونا سنٹر میں آگ لگنے کی وجہ سے چار مریضوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی ہے جبکہ مزید دو کی حالت تشویشناک بتلائی جارہی ہے ۔ اسپتال میں زیر علاج 27 مریضوں کو دوسرے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا اور اسپتال کو مکمل طور پر خالی کرالیا گیا ہے ۔ حکام نے بتایا کہ اسپتال میں چار افراد کی لاشیں ملی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دو مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ ناگپور کے واڑا میں واقع اسپتال30 بستروں کی سہولت ہے ، جس میں سے 15 انتہائی نگہداشت یونٹ کے بیڈ ہیں ۔ ناگپور میونسپل کارپوریشن کے چیف فائر آفیسر راجندر اچکے نے میڈیا کو بتایا کہ اسپتال کی دوسری منزل پر واقع آئی سی یو کے اے سی یونٹ سے آگ لگی تھی۔ آگ اس منزل تک ہی محدود رہی اور آگے نہیں پھیلی۔آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔
