ممبئی ۔ 2 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے آج چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ پر ان کے ساتھ ڈنر کیا۔ گورنر کے ساتھ ان کے ارکان خاندان بھی تھے۔ چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے نے گورنر کو ڈنر پر مدعو کیا تھا جس کا مقصد بہتر رابطہ کیلئے ایک دوسرے کو جاننے اور ریاست میں بغیر کسی رکاوٹ کے کام کاج کو انجام دینا ہے۔ 77 سالہ گورنر کوشیاری نے گزشتہ سال ستمبر میں اپنے عہدہ کا جائزہ لیا تھاجس کے فوری بعد ریاست میں اسمبلی انتخابات منعقد ہوئے۔ انتخابات کے بعد شیوسینا نے بی جے پی سے اپنا ناطہ توڑ لیا اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور کانگریس کے ساتھ مخلوط حکومت قائم کرلی ۔ انتخابات کے بعد تشکیل حکومت میں تاخیر پر صدر راج نافذ کیا گیا تھا۔ اس موقع پر گورنر کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
