مہاراشٹر اسمبلی اسپیکر کیخلاف شنڈے گروپ عدالت سے رجوع

   

ارکان اسمبلی کی نااہلیت کا معاملہ پھر سرخیوں میں‘ایک دوسرے پر الزامات
ممبئی :مہاراشٹرا میں اراکین اسمبلی کی نااہلیت سے متعلق معاملہ ایک بار پھر سرخیوں میں آ گیا ہے۔ مہاراشٹر اکے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شنڈے اور سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے گروپ نے اپنے اپنے اعتراضات کے ساتھ عدالت میں درخواست داخل کی ہے۔ دونوں ہی گروپوں نے اراکین اسمبلی کی نااہلیت سے متعلق عرضی کو خارج کرنے کے مہاراشٹرا اسمبلی اسپیکر راہول نارویکر کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔ حالانکہ دونوں نے ہی الگ الگ عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ایکناتھ شنڈے کی شیوسینا نے راہول نارویکر کے فیصلے کو بامبے ہائی کورٹ میں 15 جنوری کو چیلنج کیا ہے۔ دوسری طرف ادھو ٹھاکرے گروپ نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ دراصل دونوں ہی گروپوں نے ایک دوسرے کے اراکین اسمبلی کو نااہل ٹھہرائے جانے کی گزارش کی تھی جس پر اسپیکر راہول نارویکر نے گزشتہ دنوں فیصلہ سنایا تھا۔ راہول نارویکر نے ایکناتھ شنڈے کی شیوسینا کو اصل شیوسینا مانا تھا اور اس کے لیے انتخابی کمیشن کا حوالہ دیا تھا جس نے شنڈے گروپ کو ہی حقیقی شیوسینا مانا تھا۔ مہاراشٹرا میں ارکان اسمبلی کی نا اہلی کا مسئلہ طول پکڑ رہا ہے ۔ شنڈے گروپ کو اس وقت کامیابی اور راحت ملی تھی جب اسپیکر نے ان کے گروپ کو شیو شینا کا حقیقی گروپ قرار دیا تھا ۔ اس کے خلاف ادھوٹھاکرے گروپ نے درخواست کی ہے۔ اس مسئلہ پر دونوں گروپس ایک دوسرے پر اَلزام اور جوابی الزامات لگا رہے ہیں ۔