مہاراشٹر کے اسمبلی انتخابات بہت ہی قریب ہے، ضابطہ اخلاق کا نفاذ ہو چکا ہے، مختلف سیاسی پارٹیوں کے ہوڈرنگ اور پوسٹروں کو انتظامیہ کے تحت ہٹادیا جا رہا ہے، اسی طرح وزیراعظم مودی کی بھی تصاویر کو پیٹرول پمپ سے ہٹادیا جائے، یہ مطالبہ مہاراشٹر کانگریس کے سیکرٹری اور ترجمان سچن ساونت نے انتخابی کمیشن کو لکھے خط میں کیا۔
اسی تعلق معاملہ کو لےکر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے سچن ساونت نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ انتخابات کے اعلان کے بعد ریاست بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ کیا جاچکاہے۔ جس کے بعد انتظامیہ نے سبھی سیاسی جماعتوں کے انتظامیہ کے تحت منظوری سے لگائے گئے بینر وہورڈنگ ہٹا دیئے گئے ہیں۔ ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کی وجہ سے بینر وہورڈنگ ہٹانے پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ لیکن ضابطہ اخلاق پر عمل کرتے ہوئے تمام سیاسی پارٹیوں کے بینر وہورڈنگ ہٹائے جانا چاہیے جبکہ وزیراعظم نریندرمودی کی تصویروں والے ہورڈنگ آج بھی ریاست کے بیشتر پٹرول پمپوں پر لگے ہوئے ہیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ تمام سیاسی پارٹیوں کے ساتھ ایک ہی ضابطے کے مطابق عمل کرنے والی انتظامیہ جانبداری کا عمل کیوں کر رہی ہے؟ جب تمام سیاسی پارٹیوں کے بینر و ہورڈنگ ہٹائے جاچکے ہیں تو پٹرول پمپوں پر لگے ہوئے حکمراں بی جے پی و وزیراعظم نریندرمودی کے اشتہارات بھی فوری طور پر ہٹا دیے جائیں۔
سچن ساونت نے کا کہنا تھا کہ اسی کے ساتھ ریاستی انتظامیہ کی جانب سے اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کے بس اڈوں، ایس ٹی بسوں، ریلوے اسٹیشنوں نیز مختلف کارپوریشنوں کی بسوں پر سرکاری اشتہارات لگے ہوئے ہیں۔ امید یہی تھی کہ ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد الیکشن کمیشن یہ تمام اشتہارات ہٹانے کا حکم دے گا، لیکن ایسا نہیں ہونے کی وجہ سے الیکشن کمیشن کو مکتوب لکھ کر یہ شکایت کرنی پڑ رہی ہے۔ اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن ریاست بھر میں مختلف مقامات پر لگے ہوئے سرکاری اشتہارات ہٹانے کا انتظامیہ کو فوراً حکم دے۔