اورنگ آباد27ستمبر(سیاست ڈاٹ کام )الیکشن کمیشن نے مہاراشٹر کے مراٹھ واڑا علاقے کے 46اسمبلی حلقوں میں 21اکتوبر کوہونے والے الیکشن کے لئے جمعہ کو نوٹیفکیشن جاری کردی۔علاقے کے ڈسٹرکٹ الیکشن افسر نے بتایا کہ جمعہ سے پرچہ نامزدگی کی فروخت اور انہیں داخل کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے ۔امیدوار چار اکتوبر تک صبح گیارہ بجے سے دوپہر تین بجے تک پرچہ نامزدگی داخل کرسکتے ہیں۔پرچہ نامزدگی کی جانچ پانچ اکتوبر اور نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ سات اکتوبر ہے ۔سبھی سیٹوں پر ایک مرحلے میں 21اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 24اکتوبر کو ہوگی۔ریاست میں آٹھ اضلاع کے 46اسمبلی حلقوں میں الیکشن ہونے والے ہیں۔ان میں سے اورنگ آباد اور ناندیڑ میں نونو ،بیڈ اور لاتور میں آٹھ آٹھ،جالنا میں پانچ،پربھانی اور عثمان آباد میں چار چار اور ہنگولی ضلع میں تین اسمبلی حلقے ہیں۔ریاست میں 21ستمبر کو الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد سے ہی انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوگئی ہے ۔اس بار الیکشن میں کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اگھاڑی نے سیکولر طاقتوں کے ساتھ مل کر ایک اتحاد بنایا ہے ۔اس بارے میں اتوار کو اعلان ہونے کا امکان ہے ۔الیکشن میں کل 1.45کروڑ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔کئی موجودہ ارکان اسمبلی اور ٹکٹ پانے کے خواہش مند لوگوں نے پہلے ہی انتخابی تشہیر شروع کردی ہے ۔