مہاراشٹر میں 20 نومبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کیلئے لاگو ضابطہ اخلاق کے درمیان پالگھرمیں آج ایک وین سے 3.70 کروڑ روپے سے زیادہ کی نقدی برآمد ہوئی ہے۔ ایک اہلکار نے ہفتہ کے روز یہ معلومات دیں۔ پولیس انسپکٹر دتہ کاندرے نے بتایا کہ یہ نقدی جمعہ کو ساحلی ضلع کے واڈا سے برآمد ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘ پولیس ویجیلنس اور فلائنگ اسکواڈ کو اطلاع ملی تھی کہ ضلع سے ایک وین میں نقد رقم لے جایا جا رہا ہے۔ معلومات کی بنیاد پر ٹیم نے وین کو روکا اور تحقیقات کے بعد گاڑی سے3,70,50,000 روپے کی نقدی برآمد ہوئی۔ اہلکار نے کہا کہ وین میں موجود لوگ نقدی لے جانے سے متعلق ضروری درست دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہے۔ کنڈرے کے مطابق، ان لوگوں نے پولیس کو بتایا کہ یہ نقدی نوی ممبئی کی ایک کمپنی سے پالگھر کے وکرم گڑھ لے جایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نقد رقم ضبط کر لی گئی ہے اور محکمہ انکم ٹیکس اور انتخابی اہلکاروں کو معاملے کی تحقیقات کے لیے مطلع کر دیا گیا ہے۔ افسر نے بتایا کہ وین میں موجود دو افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔