مہاراشٹر انتخابات کے عین قبل کسان نے بی جے پی کی ٹی شرٹ پہن کر کی خودکشی

,

   

مہاراشٹر میں آج سے ایک ہفتے کے بعد انتخابات ہونے ہیں، اور انتخابی مہم زوروں پر ہے، اسی درمیان بی جے پی کےلیے نیند اڑا دینے والی خبر آئی ہے، مہاراشٹر کے بلٹھانا علاقہ میں ایک کسان نے پیڑ سے لٹک کر خودکشی کر لی۔ جس کسان نے خود کو پھانسی لگائی وہ بی جے پی کی ٹی شرٹ پہنے ہوئے تھا، بی جے پی کی اتحادی پارٹی نے اس واقعے کو تشویشناک بتایا ہے۔

خود کشی کرنے والہ کسان 38 سالہ راجو تلوڑے ہے اور کھٹ کھیڑ گاؤں میں صبح اس کی لاش پیڑ سے لٹکی دیکھی ۔ راجو جو ٹی شرٹ پہنے ہوئے تھا اس پر بی جے پی کا کمل نشان چھپا ہوا تھا اور مراٹھی زبان میں لکھا ہوا تھا ’پنہا آنیو آپلے سرکار‘ یعنی ’پھر سے ہماری سرکار بنائیں‘۔ واضح رہے یہ ٹی شرٹ بی جے پی کارکنان میں تقسیم ہوئی تھی جس کی وجہ سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ راجو بی جے پی کا کارکن تھا یا پارٹی کا ہمدرد تھا۔ پولس کے مطابق راجو کے اوپر بھاری قرضہ کا بوجھ تھا اور وہ اس پوزیشن میں نہیں تھا کہ اس بوجھ کو ہلکا کرسکے۔

اس معاملہ پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے شیو سینا نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کریں ۔ شیو سینا کے کسان رہنما کشور تیواری نے کہا ’’اس طرح کسان کی خودکشی ایک انتہائی سنگین مسئلہ کی جانب اشارہ کرتی ہے اور اگر اگلی حکومت نے اس جانب ٹھوس قدم نہیں اٹھایا تو یہ مسئلہ قابو میں نہیں رہے گا۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ودربھ میں وزیر اعظم نے ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کیا اور وزیر داخلہ بی جے پی کے صدر امت شاہ مغربی مہاراشٹر میں انتخابی دورہ پر ہیں۔آپ کو بتادیں کہ مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کا تعلق ودربھ علاقہ سے ہی ہے۔