دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی نے ملک کے اہل خیر افراد سے مہاراشٹر کے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے آگے آنے کی اپیل کی ہے۔ جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے ایک وفد بھی متاثرہ علاقہ میں بھیجا گیا ہے تاکہ لوگوں کی مدد کیلئے فوری طورپر ایکشن پلان تیار کیا جاسکے۔ غورطلب ہے کہ مہاراشٹر کے کئی اضلاع بالخصوص رتنا گیری، رائے گڑھ و دیگر علاقوں میں مسلسل بارش کی وجہ سے قیامت خیز صورت حال کا سامنا ہے۔ لاکھوں کی آبادی اپنے آشیانے سمیت مکمل طریقے سے پانی میں ڈوبی ہوئی ہے۔ ان گنت جانیں لقمہ اجل بن چکی ہیں اورہزاروں افراد کو اگر فوراً محفوظ مقام تک نہیں پہنچایا گیا اور کھانے پینے کی اشیائ فراہم نہیں کی گئیں تو ان کی زندگی کو بھی شدید خطرہ لاحق ہے۔