ممبئی ؍نئی دہلی، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹر قانون ساز کونسل کی 9سیٹوں کے لئے دو برس میں ہونے والے انتخابات 21مئی کو ہوں گے ۔چیف الیکشن افسر سنیل اروڑہ، الیکشن کمشنر اشوک لواسا اورسشیل چندر نے امریکہ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ان سیٹوں کے انتخابات کا جائزہ لیکر آج یہ فیصلہ کیا۔خیال رہے کہ لاک ڈاون کی وجہ سے یہ تینوں افسر امریکہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔ لاک ڈاون کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے 3اپریل کو ہی ان سیٹوں کے انتخابات پر روک لگا دی تھی۔ اس کے بعد مہاراشٹر کے چیف سکریٹری اور گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے بھی کمیشن کو خط لکھ کر بتایا کہ ریاست میں انتخابات کے لئے موافق حالات اور مناسب انتظامات ہیں۔ اس درمیان سیاسی جماعتوں نے بھی انتخابات کرانے کی مانگ کی تھی۔ ان تمام حالات کا جائزہ لیکر کمیشن نے صورتحال کا جائزہ لیا اور 21مئی کو انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا۔یہ سیٹیں 24اپریل سے خالی پڑی تھیں۔ مہاراشٹر کے وزیراعلی ادھو ٹھاکرے مقننہ کے کسی ایوان کے رکن نہیں ہیں اور ایسی حالت میں کوئی شخص صرف 6مہینہ تک ہی وزیراعلی یا وزیر رہ سکتا ہے ۔ انہوں نے 28نومبر کو وزیراعلی کے طورپر حلف لیا تھا اور اب چھ مہینہ کی مدت 27مئی کو مکمل ہورہی ہے ۔ ان کا اب دونوں میں سے کسی ایک ایوان کا رکن منتخب ہوناضروری ہے ۔