مہاراشٹر میں آپریشن ’’ورشا 21‘‘ کا آغاز

,

   

ستارا کیلئے نیا ریڈ الرٹ، 24 گھنٹوں میں پہاڑی گھاٹ علاقوں میں زائد بارش کی پیش قیاسی

پونے ۔ مہاراشٹر میں بارش کے سبب ہوئے حادثات اور لاشوں کی برآمدگی کے بعد ہلاکتوں کی تعداد ہفتہ کے روز بڑھ کر 136 ہو گئی۔ ریاست میں گذشتہ دو دنوں میں زیادہ بارش کے سبب کئی مقامات پر تودہ کھسکنے کے حادثے ہوئے جن میں کئی لوگوں کو اپنی جان گنوانی پڑی۔ پوری ریاست میں آج بھی شدید بارش ہو رہی ہے ۔ اس کے باوجود محض پونے ڈیویژن کے 84452 افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔ پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی ) کی پریس ریلیز کے مطابق ریاست میں سیلاب راحت اور بچاؤ کام کے لیے ‘آپریشن ورشا 21’ شروع کی ہے ۔ اس نے پونے کے متاثرہ علاقوں میں واقع اوندھ آرمی اسٹیشن پونے اور بامبے انجینیئر گروپ کے فوجیوں سمیت کل 15 راحت اور بچاؤ ٹیم تعینات کیے ہیں۔ اس درمیان محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ستارا کے لیے ایک نیا ریڈ الرٹ جاری کیاہے جس میں آئندہ 24 گھنٹوں میں اس مغربی ضلع کے پہاڑی ‘گھاٹ’ علاقوں میں زیادہ بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ اس علاقے میں تودہ کھسکنے کے سبب تقریباً 30 افراد لاپتہ ہیں۔

مہاراشٹرا کی صورت حال پر صدر جمہوریہ کو تشویش
نئی دہلی۔ صدررام ناتھ کووند نے مہاراشٹر میں موسلادھاربارش اورسیلاب کے سبب جان ومال کے ہوئے نقصان کے تعلق سے تشویش کا اظہارکیا ہے ۔ راشٹرپتی بھون کے ذرائع نے ہفتہ کے روز بتایا کہ کووند نے مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کوفون کرکے ریاست میں بھاری بارش اورسیلاب سے ہونے والے جان و مال کے نقصان کے بارے میں معلومات حاصل کی اوراس پر تشویش کااظہاربھی کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ مسٹرکوشیاری نے لوگوں کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لئے کئے جارہے حفاظتی اورامدادی کاموں کی معلومات صدرکوبھی دی۔