مہاراشٹر میں صدر راج کی سفارش جمہوریت کا قتل: سی پی ایم

   

نئی دہلی ۔ 12 نومبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) نے مہاراشٹر میں صدر راج نافذکرنے کی سفارش کی سخت تنقید کی ہے اور اسے جمہوریت کا قتل بتایا ہے ۔پارٹی کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے منگل کے روز ٹویٹ کر کے کہا ہے کہ جب مہاراشٹر کے گورنر نے این سی پی سربراہ شرد پوار کو آج رات 8 بجکر کر 30 منٹ تک کا وقت دیا تھا تو وقت گزرنے سے قبل ہی صدر راج نافذ کرنے کی سفارش کیوں کر دی گئی۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں و کشمیر، منی پور، گوا اور اتراکھنڈ سمیت تمام ریاستوں میں حکومت بنانے کے لئے اسی طرح وفاقی ڈھانچے کے ضابطوں اور روایات کی خلاف ورزی کر کے جمہوریت پر کھلے عام حملے کرتی رہی ہے ۔ مہاراشٹر میں بھی اس نے یہی کیا ہے ۔