نئی دہلی : نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی فوزیہ خان نے بدھ کو راجیہ سبھا میں مہاراشٹر کے مذہبی سیاحتی مقامات کی ترقی کرنے کا مطالبہ کیا۔محترمہ خان نے وقفہ صفر کے دوران کہا کہ ملک میں 35 فیصد سیاح مذہبی مقامات پر جاتے ہیں اور مہاراشٹر میں بہت سے ایسے مقامات ہیں جو سیاحت کے نظریہ سے اہم ہیں۔ سائیں بابا کی جائے پیدائش پربھنی بھی انہی میں سے ایک ہے ، جہاں ترقیاتی کام ہونے ہیں۔ صدر بھی وہاں گئے تھے ۔ ناندیڈ ، پنڈھر پور ، ایلورا اور بہت ساری ایسی جگہیں جہاں ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہے ۔مارکسی کمیونسٹ پارٹی کی جھرنا داس نے بتایا کہ حال ہی میں ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت میں چار گنا اضافہ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے غریب عوام پریشان ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ میں اس معاملے پر بات کی جائے ۔ سماج وادی پارٹی کے سکھرام سنگھ یادو نے کہا کہ آدرش ممبر پارلیمنٹ گرام یوجنا کے تحت ، انہوں نے گذشتہ چار سالوں کے دوران اتر پردیش کے چار گائوں کو اپنایا تھا ، لیکن وہاں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ ان گاؤں میں گذشتہ دو سالوں سے کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا ہے جس کی وجہ سے گاؤں کے لوگ پریشان ہیں۔ انہوں نے ان گاؤں میں ترقیاتی کاموں کے لئے الگ سے فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔
