ممبئی : مہاراشٹرا میں نشستوں کی تقسیم کو لیکر ابھی تک صورتحال واضح نہیں ہوپا رہی ہے ، جب تک ممبئی میں سب کچھ ٹھیک نہیں ہو جاتا اس وقت تک دہلی میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا جاسکتا۔اس لیے سب کی نگاہیں مہاراشٹر کی طرف لگی ہوئی ہیں۔ مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے لوک سبھا انتخابی پروگرام کے اعلان کے کئی دن بعد بھی، مہاراشٹر کی کئی نشستوں پر معاملہ سلجھتا نظر نہیں آرہا ہے۔ جہاں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس(این ڈی اے ) کے اتحادیوں کے درمیان کئی نشستوں پر معاملہ پھنسا ہوا ہے تو وہیں دوسری طرف مہاوکاس اگھاڑی کے اتحادی بھی بعض حلقوں سے اپنے اپنے امیدوارں کا حق جتانے میں جوٹے ہوئے ہیں۔اور کئی نشستوں پر دونوں جانب نشستوں کی تقسیم کے لیے کھینچ تان اور رسہ کشی جاری ہے ۔ جہاں ایک طرف کانگریس اور شیوسینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے )کے درمیان عدم اتفاق رائے کی خبریں گشت کر رہی ہیں تو دوسری طرف نیشنل ڈیموکریٹک الائنس میں بھی رسہ کشی جاری ہے اور لیڈران ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوششوں میں الجھے ہوئے ہیں۔ اور سیٹ شیئرنگ فارمولے کا ابھی تک فیصلہ نہیں ہو پا رہا ہے ۔ پرکاش امبیڈکر کی قیادت والی ونچیت بہوجن اگھاڑی کے اب مہا وکاس اگھاڑی میں شامل ہونے کا امکان بہت کم رہ ہے ، حالانک تینوں جماعتوں کے قائدین ابھی بھی امبیڈکر سے بات چیت کر رہے ہیں۔ تاہم،اسی کے ساتھ کانگریس کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ امبیڈکر ہر روز نئے مطالبات کر رہے ہیں، اس لیے ان کے ساتھ اتفاق رائی ہوتا اب ممکن نظر نہیں آرہا ہے ۔
این سی پی کے سینئر لیڈر رام راجے نائک نمبالکر کی مڈھ میں نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس اور نائب وزیر اعلی اجیت پوار کے ساتھ ملاقات کے باوجود، بی جے پی امیدوار رنجیت سنگھ نائک نمبالکر کی مخالفت جاری ہے ۔ نیز بارامتی کی نشست کو لیکر اجیت پوار کا سردرد کافی بڑھ گیا ہے کیونکہ سابق ریاستی وزراء وجے شیوتارے (شیو سینا) اور ہرش وردھن پاٹل (بی جے پی) بارامتی میں سنیترا پوار کی مخالفت کر رہے ہیں۔ چندرپور کی امیدواری کانگریس کے لیے درد سر بن گئی ہے ۔کیوںکہ وہاں وجے وڈیٹیوار یا پرتیبھا دھنورکر میں سے کسی ایک کے منتخب کرنے کا مسئلہ حل ہوتا نظر نہیں آرہا ہے ۔ اسی طرح کانگریس کا اصرار ہے کہ شیو سینا (شندے ) کی جانب سے راہول شیوالے جنوبی وسطی ممبئی میں امیدوار ہوں گے تو وہ ان سے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں اور ممبئی کانگریس کی صدر ورشا گائیکواڑ کو میدان میں اتارنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ۔لیکن شیوسینا (اُدھو بالا صاحب ٹھاکرے ) وہاں انل دیسائی کے نام پر اڑی ہوئی ہے ۔