مہاراشٹر میں کورونا کے سب سے زیادہ 225 معاملے

   

پونے ۔31مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) ملک میں کورونا وائرس (کووڈ۔19)کے سب سے زیادہ معاملے مہاراشٹر سے سامنے آئے ہیں جہاں متاثروں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 225 ہوگئی ہے جبکہ اب تک آٹھ لوگوں کی اس وبا سے موت ہوچکی ہے ۔ریاست میں منگل کو کورونا وبا کے پانچ نئے معاملوں کی تصدیق ہونے کے ساتھ ہی پورے ملک میں یہ ریاست کورونا وائرس سے متاثروں کی تعداد کی لحاظ سے سب سے زیادہ ہے ۔ ملک کی معاشی راجدھانی ممبئی میں کورونا وائرسوں کے سب سے زیادہ معاملے سامنے آئے ہیں جہاں اس سے متاثروں کی تعداد بڑھ کر 89 ہوگئی ہے ۔ پانچ نئے معاملوں میں سے دو پونے اور دو بلدھانہ کے ہیں۔ریاست کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہا ہے کہ اب تک کورونا متاثروں کے سانگلی میں پچیس، تھانے میں تئیس، ناگپور میں سولہ، احمدنگرمیں پانچ، ایوت محل میں چار، بلدھانہ میں تین، سمارا اور کولہاپور میں دو۔دو اور اورنگ آباد، رتناگری، سندھو درگ، گونڈیا، جلگاؤں اور ناسک میں ایک۔ایک معاملے سامنے آچکے ہیں۔