مہاراشٹر کو منشیات سے پاک بنایا جائے گا: فڑنویس

   

ممبئی: مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے ہفتہ کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) – شیوسینا حکومت مہاراشٹر کو منشیات سے پاک ریاست بنانے کے لئے کام کر رہی ہے ۔ فڑنویس نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منشیات اور سائیکو ٹروپک ڈرگس کی لعنت سے نمٹنے کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کئی پہل کی ہیں۔ واضح رہے کہ فڑنویس مہاراشٹر کے وزیر داخلہ بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت منشیات سے متعلق قوانین کو مزید سخت بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سائیکو ٹروپک ڈرگس کا خطرہ پھیل رہا ہے اور اس لیے سخت قوانین کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ریاست کے سیاحت اور خواتین اور بچوں کی ترقی کے وزیر منگل پربھات لودھا بھی موجود تھے ۔ مسٹر فڑنویس جین مت کے تیراپنتھ فرقے کے اچاریہ شری مہاشرمن کے اعزاز میں منعقد ایک تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے جو اس سال کے چاترمس کے لیے ممبئی آئے تھے ۔ یہ تقریب ممبئی کے گورے گاؤں کے نیسکو گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ واضح رہے کہ آچاریہ مہاشرمن ہندوستان کی 22 دیگر ریاستوں اور پڑوسی ممالک نیپال اور بھوٹان سے ہوتے ہوئے 55000 کلومیٹر طویل اور مشکل پیدل سفر کرنے کے بعد ممبئی پہنچے ۔ آچاریہ مہاشرمن دو دہائیوں کے وقفے کے بعد ممبئی آئے ہیں۔ اس سال کے چاترمس کا مقصد سماجی بہبود اور نشے سے نجات کا پیغام پھیلانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی، مادی، سماجی ترقی کے ساتھ ساتھ اخلاقیات کو بھی فروغ دینے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ عدم تشدد، زندگی میں کفایت شعاری ہی اصل مذہب ہے ۔