کلکتہ: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعرات کو بی جے پی پر مہا وکاس اگھاڑی حکومت کو گرانے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا۔ یہ سوال کرتے ہوئے کہ اراکین اسمبلی کو سیلاب زدہ آسام کیوں بھیجا جا رہا ہے، ترنمول سربراہ نے کہا، مہاراشٹر سے اراکین کو بنگال بھیجیں۔ ہم ان کی اچھی مہمان نوازی کریں گے۔ وزیر اعلیٰ کا یہ بیان گوہاٹی کے ریڈیسن بلو ہوٹل کے باہر ترنمول کارکنوں کے احتجاج کے بعد آیا جہاں مہاراشٹر کے باغی اراکین اسمبلی ٹھہرے ہوئے ہیں ممتا بنرجی نے کہا، بی جے پی حکومت کی طرف سے جمہوریت کو مکمل طور پر بلڈوز کیا جا رہا ہے۔ مجھے دکھ ہوتا ہے۔ یہ ایک افسوس ناک حقیقت ہے کہ بی جے پی حکومت نے وفاقی ڈھانچہ کو مکمل طور پر منہدم کر دیا ہے ممتا بنرجی کے بھتیجے، ترنمول کے رکن پارلیمان ابھیشیک بنرجی نے جمعرات کو آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما پر تنقید کی اور کہا کہ ہمانتا بسوا حکومت کی ترجیحات واضح ہیں کیونکہ حکومت باغی اراکین اسمبلی کی میزبانی کے لیے دہلی کے احکامات پر عمل کرنے میں مصروف ہے۔