میڈیا پر حملہ جمہوریت پر حملے کے مترادف، سخت کارروائی کرنے حکومت سے مطالبہ
حیدرآباد ۔ 28 جون (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کمیٹی بی مہیش کمار گوڑ نے مہا نیوز چیانل پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس کو آزاد صحافت اور جمہوریت پر حملے کے مترادف قرار دیتے ہوئے حملہ آوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا حکومت اور پولیس سے مطالبہ کیا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ ٹیلیویژن چیانل کی نشریات اور اخبارات کی خبروں پر کسی کو اعتراض ہے تو وہ اس کو پیش کرنے کیلئے قانون اور عدالتوں کا سہارا لیں مگر میڈیا ہاوزس کے دفاتر پر حملے ہرگز ناقابل قبول ہیں جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ فون ٹیاپنگ کے معاملے میں مہانیوز چیانل عوام کو حقائق سے واقف کرارہی ہے جس پر حملہ کرنا جمہوری نظام پر حملہ کرنے کے برابر ہے۔ سماج کے تمام حلقوں سے اس کی مذمت ہونی چاہئے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ میڈیا جمہوریت کا چوتھا ستون ہے۔ اس کا احترام سب کیلئے ضروری ہے۔ صحافیوں اور میڈیا ہاوزس کی جانب سے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد نیوز شائع کی جاتی ہے اور ساتھ ہی ٹیلی ویژن میں اس کو نشر کیا جاتا ہے اگر کسی کو اس پر اعتراض ہو تو وہ قانونی پلیٹ فارمس اور مختلف طریقوں سے احتجاج درج کروائے مگر راست طور پر میڈیا ہاوزس کے دفاتر پر حملے کرنا کسی کو بھی زیب نہیں دیتا۔2