حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مہاویر جینتی کے موقع پر تلنگانہ عوام کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے پیام میں کہا کہ انسانوں کو امن رواداری اور دانشمندی کی تعلیم دینے والے مہاویر کی زندگی ہم سب کیلئے مثالی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ علاقہ جین مندروں اور خانقاہوں کا مرکز رہا ہے اور یہیں جین مت کو عروج حاصل ہوا تھا۔ تلنگانہ کی سرزمین پر جین مذہب کے پیشواؤں کے نقش پا موجود ہیں جس سے تلنگانہ کو تقدس حاصل ہوا ہے۔ تمام تر تکالیف اور مسائل سے نبردآزما ہونے کے باوجود جیو اور جینے دو کا فلسفہ تلنگانہ تہذیب کا اٹوٹ حصہ ہے اور وہی مہاویر کے فلسفہ کی خصوصیت ہے۔ ملک کی آزادی کیلئے مہاتما گاندھی کی قیادت میں تحریک عدم تشدد کے پس پردہ مہاویر کی تعلیمات کا اہم رول رہا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دوسری علحدہ تلنگانہ تحریک میں بھی کسی حد تک امن اور تحمل پر مبنی مہاویر کی تعلیمات پر عمل کیا گیا تھا اور اس پرامن اور عدم تشدد کے اصولوں پر مبنی تحریک کے چلتے تلنگانہ ریاست کا قیام عمل میں آیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کورونا وباء کے ان سخت حالات میں عوام کو چاہیئے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہاویر کی تعلیمات سے تحریک حاصل کریں اور کوویڈ رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل پیرا ہوں۔