لکھنؤ: سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے قومی صدر اوم پرکاش راج بھر نے آج سوشل میڈیا پر اپنا خود ساختہ ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے بہار میں نتیش کمار کی نئی حکومت سے اپنی ریاست سے ذات پات کی مردم شماری شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ راج بھر نے اس ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ جے ڈی یو، آر جے ڈی اور کانگریس پہلے بی جے پی کو ذات پات کی مردم شماری میں رکاوٹ قرار دیتے تھے، لیکن اب ان تمام پارٹیوں کی حکومت ہے تو انہیں ذات شماری کرانی چاہیے راج بھر نے کہا، “بہار میں آر جے ڈی اور جے ڈی یو کی حکومت بن چکی ہے۔ کل تک آر جے ڈی، کانگریس، لیفٹ اور جے ڈی یو کے لوگ کہتے تھے کہ بی جے پی رکاوٹ ہے، وہ ذات پات کی مردم شماری نہیں ہونے دے رہے ہیں۔ اب آپ آزاد ہو گئے ہیں۔ اگر جے ڈی یو، آر جے ڈی، کانگریس اور بائیں بازو کی حکومت ہے تو میں ڈپٹی سی ایم تیجسوی یادو جی اور سی ایم نتیش جی سے گزارش کروں گا کہ اب آپ آزاد ہیں اور بہار سے ہی ذات پات کی مردم شماری کا اعلان کریں، اس کو کروا کر ثابت کریں کہ ہم کرنا چاہتے ہیں۔ پسماندہ، دلت، اقلیتوں کو حصہ دینا چاہتے ہیں۔