مہاگٹھ بندھن میں سب ٹھیک ہے ،آج پریس کانفرنس:اشوک گہلوت

   

پٹنہ، 22 اکتوبر (یو این آئی)بہار میں مہاگٹھ بندھن کے اندر سیٹوں کی تقسیم کے حوالے سے جاری کشیدگی کے درمیان دہلی سے بھیجے گئے کانگریس کے سینئر رہنمااشوک گہلوت آج پٹنہ پہنچے اورآر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو اور ان کے صاحبزادے تیجسوی یادوسے ملاقات کی۔ انہوں نے ’’آل از ویل‘‘کے اشارے کے ساتھ کہا کہ 23 اکتوبر کو مشترکہ پریس کانفرنس میں آئندہ کی حکمت عملی کا انکشاف کیا جائے گا۔ گہلوت نے آج یہاں نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا کہ ان کی آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو اور بہار میں مہاگٹھ بندھن کے لیڈر تیجسوی یادو سے تقریباً آدھے گھنٹے تک مفید بات چیت ہوئی ہے اور اس سلسلے میںجمعرات کو ایک پریس کانفرنس بلا کر تمام باتوں کو عوام کے سامنے رکھا جائے گا۔ راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ گہلوت نے کہا کہ مہاگٹھ بندھن متحد ہو کرقومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے خلاف مضبوطی سے انتخاب لڑنے کی تیاری کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا میںاپوزیشن لیڈرراہول گاندھی اور تیجسوی یادومل کر بہار میں انتخابی مہم کا آغاز کریں گے ۔