مہاگٹھ بندھن کا منشور : ہر گھر کے ایک رکن کو سرکاری نوکری کا وعدہ

,

   

Ferty9 Clinic

پٹنہ، 28 اکتوبر (یواین آئی) مہاگٹھ بندھن نے منگل کو بہار اسمبلی انتخابات کے لئے اپنا انتخابی منشور جاری کر دیا، جس میں بہار کے ہر خاندان کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دینے کا وعدہ کیا گیا ہے اور ضعیف العمری پنشن کو بڑھا کر ماہانہ 1500 روپے کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔ بہار اسمبلی انتخابات کے لئے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی پرساد یادوکو اپنا وزیر اعلیٰ کا امیدوارنامزد کرنے کے بعد مہاگٹھ بندھن نے آج اپنا منشور جاری کیا۔ منشور میں کہا گیا ہے کہ بہار کے ہر خاندان کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت دی جائے گی اور ضعیف العمری کو بڑھا کر 1500 روپے ماہانہ کیا جائے گا۔ منشور آر جے ڈی رہنما تیجسوی پرساد یادو، کانگریس رہنما اکھلیش سنگھ اور پون کھیڑا، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ۔لیننسٹ) سی پی آئی (ایم۔ایل) کے رہنما دیپانکر بھٹاچاریہ، وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے رہنما مکیش سہنی اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) رہنما رام نریش پانڈے سمیت دیگر اتحادی رہنماؤں نے مشترکہ طور پر جاری کیا۔ مہاگٹھ بندھن کے قائدین نے انتخابی منشور اور وزیراعلیٰ کے امیدوار کا چہرہ ابھی تک جاری نہ کرنے پر قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) پر نشانہ بھی سادھا۔ منشور جاری کرنے کے بعد تیجسوی یادونے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگر مہاگٹھ بندھن کی حکومت آتی ہے تو وہ بہار کے ہر خاندان کے ایک رکن کو سرکاری نوکری دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بننے کے فوراً بعد اس کے لئے ایک قانون (ایکٹ)نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 20 ماہ کے اندرسرکاری نوکری فراہم کرنے کا عمل شروع ہو جائے گا۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ ‘مائی بہن یوجنا’کے تحت تمام اہل خواتین کو اگلے پانچ سال تک ماہانہ 2500 روپے کی مالی مدد دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جیویکا کی تمام کمیونٹی موبیلائزر خواتین کو سرکاری ملازم کا درجہ دے کر 30 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دی جائے گی۔ ساتھ ہی جیویکا دیدیوںکو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے دو سال کے لیے بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ بیوہ اور بزرگ افرادکو 1500 روپے ماہانہ جبکہ جسمانی طور پر معذور افراد کو 3000 روپے ماہانہ پنشن دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر گھر کو 200 یونٹ مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ این ڈی اے نے اب تک نہ تو اپنے وزیراعلیٰ کا چہرہ اور نہ ہی اپنا انتخابی منشورپیش کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ این ڈی اے لیڈران صرف منفی تشہیر میں مصروف ہیںان کے پاس لوگوں کو بتانے کیلئے کوئی ویژن نہیں ہے کہ آنے والے دنوں میں بہار کی ترقی کیسے ہو۔