پٹنہ، 16 نومبر (یو این آئی) بہار اسمبلی انتخابات میں اس بار 11 نشستوں پر مہاگٹھ بندھن کے امیدواروں کے درمیان ‘دوستانہ’ مقابلہ ہوا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے امیدواروں نے تمام نشستوں پر قبضہ کر لیا۔اس بار کے انتخاب میں بہار کی 243 اسمبلی نشستوں میں سے 11 نشستوں، وَیشالی، راجاپاکڑ (محفوظ)، بہار شریف، بَچھواڑا، بیلدوَر، کہلگاؤں، سلطان گنج، چین پور، سکندرہ (محفوظ)، کرہگر اور نرکٹیاگنج میں مہاگٹھ بندھن کی اتحادی جماعتوں کے امیدوار خود اپنے ہی اتحاد کے امیدواروں کو چیلنج دیتے نظر آئے ۔این ڈی اے کی اتحادی جماعتوں کے امیدواروں نے مہاگٹھ بندھن کے ‘دوستانہ’ مقابلے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور تمام 11 نشستیں اپنی جھولی میں ڈال لیں۔این ڈی اے اتحادی جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) نے اپنے سیاسی تیر سے سات نشستوں وَیشالی، راجاپاکڑ (محفوظ)، بیلدوَر، کہلگاؤں، سلطان گنج، چین پور اور کرہگر سیٹوں پر مہاگٹھ بندھن کے امیدواروں کو شکست دی۔ وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے تین نشستوں بہار شریف، بَچھواڑا اور نرکٹیاگنج میں ‘بھگوا’ پرچم لہرا دیا۔ اسی طرح ہندستانی عوامی مورچہ (ہم) نے سکندرہ (محفوظ) نشست اپنے نام کر لی۔وَیشالی اسمبلی نشست پر مہاگٹھ بندھن کی اتحادی جماعتیں آر جے ڈی اور کانگریس کے امیدوار آمنے سامنے تھے ۔ جے ڈی یو کے سیاسی تیر نے آر جے ڈی اور کانگریس دونوں امیدواروں کو انتخابی میدان میں زخمی کر کے شکست دیدی۔