پونے: 26 اکتوبر (یو این آئی) مہاراشٹرا کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شنڈے نے شیو سینا (شنڈے گروپ ) کے سٹی پریسیڈنٹ رویندر ڈھنگیکر کو ”محنتی پارٹی ورکر” قرار دیتے ہوئے ان کی تعریف کی، تاہم ساتھ ہی انہیں سختی سے تنبیہ بھی کی کہ وہ مہایوتی اتحاد کے اندر کسی قسم کی پھوٹ یا اختلاف پیدا کرنے سے گریز کریں ۔ شنڈے ہفتہ کو الندی پہنچے تھے ، جہاں ڈھنگیکر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ہیلی پیڈ پر ہونے والی مختصر ملاقات میں شنڈے نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ کسی ایسے بیان یا عمل سے اجتناب کریں جس سے اپوزیشن جماعتوں کو سیاسی فائدہ پہنچے ۔یہ ملاقات سیاسی حلقوں میں دلچسپی کا باعث بن گئی ہے ، کیونکہ اسے ڈھنگیکر اور مرکزی وزیر مرلی دھر موہول کے درمیان جاری جائیداد کے تنازعہ کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے ۔ ڈھنگیکر نے موہول پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اپنی سیاسی حیثیت اور سرکاری مشینری کا غلط استعمال کرتے ہوئے جین بورڈنگ ہاؤس پراپرٹی کو غیر قانونی طور پر اپنے قبضے میں لیا۔اس سے قبل ڈھنگیکر نے بی جے پی کے سینئر لیڈر چندرکانت پاٹل پر بھی سنگین الزام لگایا تھا کہ وہ گینگسٹر نیلیش گھیوال کے فرار کے پس پردہ ہیں، جو جعلی پاسپورٹ کے ذریعے ملک سے باہر چلا گیا۔مہایوتی اتحاد کا حصہ ہونے کے باوجود بی جے پی رہنماؤں پر ڈھنگیکر کی مسلسل تنقید نے حکمراں اتحاد میں بے چینی پیدا کر دی ہے ۔
پارٹی کے کئی لیڈران پہلے ہی شندے کے سامنے ڈھنگیکر کے بیانات پر اپنی ناراضگی ظاہر کر چکے ہیں۔دریں اثنا، ریاستی وزیر ادے سمنت نے بھی ڈھنگیکر سے علیحدہ ملاقات کی۔ انہوں نے انہیں تحمل و بردباری کا مظاہرہ کرنے اور اتحادی نظم و ضبط برقرار رکھنے کا مشورہ دیا۔ سمنت نے اعتراف کیا کہ اتحاد کے اندر حالیہ دنوں میں تھانے اور نوی ممبئی کے بی جے پی و شیو سینا رہنماؤں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی تشویش ناک ہے ۔
