محاذی تنظیموں کے قائدین کی شرکت، بھارت بند کی کامیابی کیلئے مساعی
حیدرآباد۔22 ۔ستمبر (سیاست نیوز) اپوزیشن جماعتوں کے اندرا پارک پر مہا دھرنا کے ضمن میں کانگریس پارٹی کی جانب سے کارکنوں کی بڑی ریالی منظم کی گئی۔ حلقہ اسمبلی نامپلی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں کارکنوں نے ریالی میں حصہ لیا جس میں مہیلا کانگریس ، یوتھ کانگریس اور میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے قائدین نے شرکت کی ۔ سینئر لیڈر اور نامپلی انچارج محمد فیروز خاں کو صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ریالی کی ذمہ داری دی تھی۔ ریالی کے ذریعہ ریونت ریڈی دھرنا چوک پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا ۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے فیروز خاں نے کہا کہ مودی اور کے سی آر حکومتوں نے عوام کو مایوس کردیا ہے ۔ لہذا عوام آئندہ انتخابات میں دونوں کو اقتدار سے بیدخل کردیں گے ۔ انہوں نے 100 دنوں میں مہنگائی پر قابو پانے کا وعدہ کرنے والے نریندر مودی نے مہنگائی کو آسمان تک پہنچا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے عام آدمی پر زبردست بوجھ پڑا ہے ۔ فیروز خاں نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس خفیہ مفاہمت کے ذریعہ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ کے سی آر نے مرکز میں نریندر مودی حکومت کے ہر فیصلہ کی تائید کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ مرکزی حکومت ٹی آر ایس حکومت کی بدعنوانیوں پر خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس پارٹی کا برسر اقتدار آنا یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کیلئے فلاحی اورترقیاتی سرگرمیوں کا آغاز صرف کانگریس پارٹی کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو بھارت بند کے موقع پر گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کانگریس قائدین اور کارکن بند کو کامیاب بنائیں گے ۔ انہوں نے عوام سے بند میں رضاکارانہ طور پر حصہ لینے کی اپیل کی ۔ R