محکمہ ٹرانسپورٹ کا 7519 کروڑ روپئے آمدنی کا ہدف ، 830 کروڑ روپئے اخراجات کی تجویز
حیدرآباد 20 فروری ( سیاست نیوز ) تلنگانہ آر ٹی سی نے اپنی بجٹ تجاویز میں مہالکشمی اسکیم کیلئے ، سفری سہولیات میں بہتری اور بنیادی ڈھانچے کی توسیع کیلئے بھاری فنڈ مختص کرنے کی اپیل کی ہے ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے آئندہ مالیاتی سال کیلئے بھاری فنڈز اور آمدنی کے اہداف حکومت کو پیش کئے جس میں تلنگانہ آر ٹی سی نے مہا لکشمی اسکیم پر عمل آوری کیلئے 7777 کروڑ روپئے بطور معاوضہ فراہم کرنے کامطالبہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ آئندہ مالیاتی سال میں 680 نئی بسوں کی خریداری کیلئے 241.37 کروڑ روپئے درکار بتائے گئے ۔ آر ٹی سی نے انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے 442.61 کروڑ روپئے مختص کرنے سفارش کی جبکہ نئے ڈپوز اور بس اسٹیشنس کی تعمیر اور قرض کی ادائیگی کیلئے 855 کروڑ روپئے کی ضرورت بتائی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ طلبہ ، صحافیوں اور معذور افراد کو رعایتی بس پاس کیلئے 358 کروڑ مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی ۔ دوسری جانب محکمہ ٹرانسپورٹ نے بجٹ تجاویز میں آئندہ مالیاتی سال کیلئے 7519 کروڑ کی آمدنی کا تخمینہ ظاہر کیا ۔ محکمہ کے مطابق لائف ٹیکس سے 5143 کروڑ روپئے ۔ سہ ماہی ٹیکس اور دیگر محصولات سے 1031 کروڑ کے حصول کی توقع ظاہر کی ۔ اس کے ساتھ ہی 830 کروڑ روپئے کے اخراجات کی تجویز پیش کی گئی جس میں عمارتوں کی تعمیر اور نظام کی جدید کاری شامل ہے ۔ ریاستی حکومت کی منظوری کے بعد ان تجاویز کو آئندہ بجٹ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے ۔ جس سے عوامی ٹرانسپورٹ نظام کو مضبوط بنانے اور سہولیات میں بہتری کی راہ ہموار ہوگی ۔ 2