مہا ٹی وی چیانل پر بی آر ایس پارٹی کارکنوں کا حملہ، توڑپھوڑ

   

جرنلسٹ یونینوں اور دیگر شخصیتوں سے اظہارمذمت

حیدرآباد ۔ 28 جون (سیاست نیوز) شہر میں آج ایک ٹی وی چیانل آفس پر حملہ کے بعد سنسنی پیدا ہوگئی۔ بی آر ایس پارٹی سے وابستہ کارکنوں نے آج مہا ٹی وی آفس پر حملہ کرتے ہوئے توڑپھوڑ مچادی۔ کاروں کو نقصان پہنچاتے ہوئے ٹی وی چیانل آفس پر ہنگامہ کیا۔ اس واقعہ سے شہر میں سنسنی پھیل گئی اور حملہ کی جرنلسٹ یونینوں اور دیگر سماجی حلقوں کی جانب سے شدید مذمت کی جارہی ہے اور اس حملہ کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے سخت نوٹ لینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ بی آر ایس کارکن کے ٹی آر کے خلاف پیش کی گئی ایک رپورٹ پر برہم تھے جنہوں نے مہا ٹی وی آفس کا رخ کیا اور صحافت کی آڑ میں سازشوں پر عمل آوری کام الزام لگاتے ہوئے زبردست احتجاج کیا۔ کارکن جو برہم تھے اچانک مشتعل ہوگئے اور دفتر پر توڑپھوڑ مچادی۔ دفتر کے قریب موجودہ لکژری گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور پتھراؤ کیا جس کے بعد پولیس کی بھاری جمعیت پہنچ گئی اور ریاست میں ایک نئی سیاسی بحث کا آغاز ہوگیا۔ ٹی وی چیانل دفتر پر حملہ کے بعد پیدا شدہ حالت کو دیکھتے ہوئے کے ٹی آر نے اپنا ردعمل ظاہر کیا اور اپنے پیغام میں کارکنوں کو پرسکون رہنے اور پرامن انداز میں اپنا احتجاج اور برہمی ظاہر کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ پرتشدد احتجاج اور حملوں کی جمہوریت میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے پارٹی کیڈر سے پرامن رہنے کی اپیل کی۔ تاہم پولیس بنجارہ ہلز نے اس واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا اور بی آر ایس طلبہ تنظیم کے قائد سرینواس یادو بشمول دیگر کو گرفتار کرلیا۔ع