مہدی حسن کی ونڈے میں پہلی سنچری

   

ہندوستان کو ونڈے سیریز میں شکست ، بیٹرس پھر ناکام

ڈھاکہ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے زخمی کپتان روہت شرما نے نویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ونڈے کو سنسنی خیز لمحات میں پہونچادیا تھا ، جیسا کہ انھوں نے 28 گیندوں میں تین چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 51 رنز اسکور کئے لیکن آخری گیند پر کامیابی کے لئے درکار چھکہ لگانے میں وہ ناکام رہے حالانکہ مستفیض الرحمن کی آخری دو گیندوں پر ہندوستان کو کامیابی کے لئے 12 رنز درکار تھے جس میں پہلی گیند پر روہت نے چھکا بھی لگایا تھا ۔ ہندوستان کی ناقص شروعات کے بعد نمبر تین پر شریاس ایئر (82) اور اکشر پٹیل (56) نے ٹیم کو مقابلے میں واپس لانے کی کوشش کی ۔ خاص کر اکشر پٹیل نے 56 گیندوں میں دو چوکوں اور تین چھکوں کے ساتھ اپنی اننگز کو رفتار دینے کے علاوہ ٹیم کو مطلوبہ نشانہ کے تعاقب میں برقرار رکھنے کی کوشش کی ۔ قبل ازیں مہدی حسن میراز نے 83 گیندوں پر ناقابل شکست سنچری اسکور کر کے متواتر دو میچوں میں دوسری بار ہندوستان کے دشمن بنے ہیں جبکہ تجربہ کار محمود اللہ نے عمدہ 77 رنز بناکر بنگلہ دیش کو 271/7 تک پہنچا دیا۔ چہارشنبہ کو میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہندوستان کے خلاف اپنے دوسرے ونڈے میں 50 اوورز میں بنگلہ دیش نے بہتر مظاہرہ کیا ۔ نسیم احمد کے 18 ناٹ آؤٹ کے ساتھ مل کر، بنگلہ دیش نے آخری پانچ اوورز میں 68 رنز بنائے اور سیریز میں دوسری بار ہندوستان کی بولنگ ناکام رہی ۔ کپتان روہت شرما اور دیپک چاہر کی چوٹ کے خدشات نے ان کے معاملات کو مزید خراب کر دیا۔ بنگلہ دیش 19 اوورز میں 69/6 پر بکھر چکا تھا کیونکہ ٹاپ آرڈر دوبارہ اسکورکرنے میں ناکام رہا۔ لیکن مہدی اور محمود اللہ نے میزبانوں کو مشکلات سے نکالنے کے لیے ہندوستان کے خلاف ریکارڈ پارٹنر شپ بنائی ہے ۔ دونوں نے ساتویں وکٹ کے لیے 165 گیندوں پر 148 رنز کا میراتھن اسٹینڈ بنا کر بنگلہ دیش کے لیے شاندار بحالی کی قیادت کی۔ دونوں کے درمیان یہ ریکارڈ پارٹنر شپ ہے جبکہ اس سے قبل 2014 میں انعام الحق اور مشفیق الرحیم کے درمیان 133 کی پارٹنرشپ بنی تھی ۔ مہدی نے زیادہ تر اسکوائر کے پیچھے باؤنڈری لگائی اور یہاں تک کہ خوبصورت انداز میں پچ پر ڈانس کرکے لانگ آن پر چھکا لگایا۔ اس نے اکشر پٹیل کے بائیں ہاتھ کے اسپن کے خلاف کٹ اور سلوگ سویپ کو کمال تک پہنچایا۔ مہدی نے آخری 10 اوورز کے مرحلے کا آغاز شاردول ٹھاکر کو تھرڈ مین پر باونڈری کے ساتھ کیا، جب کہ محمود اللہ نے اوپر کی طرف ڈرائیو کیا۔ مہدی نے اننگز کی آخری گیند پر ایک رن لے کر اپنی پہلی ونڈے سنچری مکمل کی۔ہندوستان کے لئے فاسٹ بولروں کی جوڑی محمد سراج اور عمران ملک نے آخری اوور س میں میزبان بیٹرس کے جارحانہ حملوں سے قبل بہتر مظاہرہ کیا ۔عمران نے اپنی رفتار سے حریف ٹیم کو پریشان کیا ۔محمد سراج نے اپنے 10 اوورس کے کوٹے میں 73 رنز دیکر دو کھلاڑیوں کوآوٹ کیا جبکہ عمران ملک نے 10 اوورس میں 58 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی ۔ہندوستان کیلئے اسپنر واشنگٹن سندر کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 10 اوورس میں محض 37 رنز دیکر تین وکٹیں حاصل کی ۔بولنگ کی ابتدا کرنے والے دیپک چہر زخمی ہوکر میدان سے باہر جانے سے قبل 3 اوورس میں 12 رنزدئے ۔