مرکزی وزارت دفاع سے اراضی حوالے کرنے کے احکامات ، تعمیری کاموں کو شروع کرنے چیف منسٹر کی ہدایت
حیدرآباد۔24جنوری(سیاست نیوز) مہدی پٹنم اسکائی واک کی تعمیر میں طویل مدت سے حائل رکاوٹوں کو دور کرلیا گیا ہے اور مرکزی محکمہ دفاع نے آئندہ 4ہفتوں کے دوران تلنگانہ حکومت کی جانب سے طلب کی گئی دفاعی اراضی حوالہ کرنے کے اقدامات مکمل کرلئے جائیں۔ مہدی پٹنم رعیتو بازار کے پاس برسوں سے زیر تعمیر اسکائی واک کی تعمیر کے کاموں کا جلد آغاز کردیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی نے مرکزی حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس اسکائی واک کی تعمیر کو مکمل کرنے کے لئے درکار دفاعی اراضی حوالہ کرنے کی خواہش کی تھی جسے مرکزی وزارت دفاع نے قبول کرتے ہوئے 3380 مربع گز اراضی حوالہ کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔بتایاجاتاہے کہ اسکائی واک کی تعمیر کو مکمل کرنے کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے گذشتہ دنوں ہی نئی تجاویز مرکز کو روانہ کی گئی تھیں جسے مرکزی حکومت نے منظوری دے دی ہے۔ چیف منسٹر کے دفتر کے مطابق 5جنوری کو مرکزی وزیر دفاع مسٹر راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کے دوران چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں نمائندگی کرتے ہوئے متبدلہ ڈیزائن اور تجاویز روانہ کرنے کا تیقن دیا تھا اور چیف منسٹر کی واپسی کے بعد تجاویز روانہ کردی گئیں جس پر مرکزی وزیر دفاع نے اسے منظوری دیتے ہوئے درکار اراضی حوالہ کرنے کے عمل کو منظوری دے دی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر نے مرکزی وزارت دفاع کی جانب سے دی جانے والی اس منظوری کے ساتھ ہی حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس اسکائی واک کے تعمیری کاموں کا فوری آغاز کریں اور جلد سے جلد اس کی تعمیر کو مکمل کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔3