مہدی پٹنم بوجا گٹہ کے سینکڑوں غریب عوام بے گھر

   

ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے پر زور ، دفتر جی ایچ ایم سی پر سی پی آئی ایم کا احتجاج
حیدرآباد ۔ 21 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : مہدی پٹنم بوجا گٹہ میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی فوری تکمیل کا مطالبہ کرتے ہوئے آج کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( اایم ) نے بلدی دفتر پر زبردست احتجاج منظم کیا ۔ مکانات کی امید میں بے گھر کردئیے گئے عوام نے شدید تکلیف کا اظہار کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی کے صدر دفتر کو گھیر لیا ۔ سی پی آئی ایم سٹی سکریٹری ایم سرینواس کی قیادت میں منعقدہ اس احتجاج میں عوام نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی ۔ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کو فوری مکمل کرتے ہوئے مستحقین میں مکانات کی تقسیم کا مطالبہ کیا گیا ۔ اس موقع پر سٹی سکریٹری ایم سرینواس نے کہا کہ گڈی ملکاپور ڈیویژن کے بوجا گٹہ میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے سال 2017 میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کا آغاز کیا گیا ۔ تقریبا 141 کروڑ کی لاگت سے شروع کئے گئے اس پراجکٹ کی تاحال تکمیل نہیں ہوپائی ہے ۔ کام کا آغاز تو کیا گیا لیکن افسوس کے ان تعمیراتی کاموں کو درمیان ہی میں روک دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بوجا گٹہ میں 1824 مکانات کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے حکومت نے صرف 340 مکانات کی تعمیر کا آغاز کیا لیکن ان مکانات کی تعمیر بھی 4 سال کا عرصہ گذرنے کے باوجود تکمیل کو نہیں پہونچی ۔ اس علاقہ میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کے لیے موجودہ جھونپڑیوں کو خالی کروایا گیا ۔ اب غریب و بے گھر عوام کرایہ کے مکانات میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں اور کئی بے گھر تو کرایہ ادا کرنے کی حالت بھی نہیں رکھتے جو مجبوراً عارضی جھونپڑیوں میں بغیر بنیادی سہولیات اپنی زندگیاں بسر کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔ سی پی آئی ایم پارٹی نے بوجا گٹہ عوام کے دیرینہ مسائل کی فوری یکسوئی اور ان سے کئے گئے وعدہ کی فوری تکمیل کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ بوجا گٹہ کی عوام کا یقین ریاستی حکومت سے ختم ہونے لگا ہے ۔ سی پی آئی ایم نے زیر تعمیر مکانات کی فوری تعمیر اور باقی مکانات کی تعمیر کے آغاز کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر نامپلی زون سکریٹری سی ملیش و دیگر موجود تھے ۔۔ ع