34.28 کروڑ روپئے کا تخمینہ ، ٹنڈرس مرحلہ مکمل
حیدرآباد :۔ حکومت نے مہدی پٹنم جنکشن پر 34.28 کروڑ روپئے کے مصارف سے اسکائی واک تعمیر کرنے کے کاموں میں تیزی پیدا کردی ہے ۔ اس سلسلہ میں ایچ ایم ڈی اے نے ٹنڈرس کا عمل بھی مکمل کرلیا ہے ۔ ایجنسی کے انتخاب کو ٹنڈر کمیٹی نے منظوری دے دی ہے ۔ حکومت کی جانب سے منظوری حاصل ہوتے ہی عہدیدار کاموں کا آغاز کرتے ہوئے دیڑھ سال میں پراجکٹ تکمیل کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ سڑک سے 6.15 میٹر اونچائی پر آئی آر سی قواعد کے تحت اسکائی واک تعمیر کیا جائے گا ۔ جس سے مہدی پٹنم جنکشن پر پیدل راہروں کو سڑک عبور کرنے میں سہولت ہونے کے ساتھ ٹریفک مسائل بھی بڑی حد تک حل ہوں گے ۔ اسکائی واک کے ساتھ 2000 اسکوائر میٹر وسیع علاقہ پر کمرشیل عمارت بھی تعمیر کیا جائے گا ۔ یہی نہیں موجودہ بس بے کو بھی عصری تقاضوں سے لیس کیا جائے گا ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے ایک ماہ قبل مہدی پٹنم جنکشن پر اسکائی واک تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا اور عہدیداروں کو اس کی تعمیرات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی تھی ۔ حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے عہدیداروں نے متواتر اجلاس طلب کرتے ہوئے ٹنڈرس طلب کرنے کے عمل کو مکمل کرلیا ہے ۔۔
