حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست (سیاست نیوز) مہدی پٹنم کے علاقہ میں آر ٹی سی بس میں اچانک آگ لگنے سے خوف و دہشت پیدا ہوگئی ۔ تاہم اس خوفناک حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا بلکہ بس خا کستر ہو گئی۔ سمجھداری کے مظاہر پر ڈرائیور کی ستائش کی جارہی ہے ۔ ڈرائیور کی بروقت چوکسی نے ایک بڑے جانی نقصان سے بچالیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مہدی پٹنم بس اسٹاپ کے قریب چلتی بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، بس سے نکلتے ہوئے دھوئیں کودیکھتے ہی ڈرائیور نے بس کو فوری سڑ ک کنارے روک دیا اور فوری طور پر مسافرین کو بس سے باہر نکالا ۔ اس دوران دیکھتے ہی دیکھتے بس آگ کی لپیٹ میں آکر خاکستر ہوگئی ۔ ذرائع کے مطابق آر ٹی سی بس مہدی پٹنم ڈپو کی بتائی گئی ہے جو آج صبح مہدی پٹنم سے لنگم پلی جاکر واپس ہورہی تھی ۔ بس جیسے ہی مہدی پٹنم بس اسٹاپ پر پہنچی اچانک رک گئی۔ بس کودوبارہ اسٹارٹ کرنے کی کوشش کی گئی اس دوران یہ حادثہ پیش آیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔ ع