مہدی پٹنم کے ٹھیلہ بنڈی رانوں کو ہراساں نہ کرنے کی ہدایت ، پولیس سے رپورٹ کی طلبی

   

Ferty9 Clinic

ٹریفک پر قابو پانے اضافی فورس متعین کرنے کا مشورہ ، وزیر داخلہ محمد محمود علی کا اقدام
حیدرآباد۔26جون(سیاست نیوز) ٹھیلہ بنڈی رانوں کو ہراساں نہ کیا جائے اور ان کی وجہ سے ٹریفک کے بہاؤ میں ہونے والی پریشانیوں سے نمٹنے کیلئے زائد فورس متعین کرتے ہوئے راستہ میں رکاوٹ پیدا کرنے سے ٹھیلہ بنڈی رانو ںکو روکا جائے ۔ جناب محمد محمود علی ریاستی وزیر داخلہ نے مہدی پٹنم علاقہ میں ٹھیلہ بنڈی رانوں پر ٹریفک پولیس کے مظالم کے سلسلہ میں رپورٹ شائع ہونے کے فوری بعد محکمہ ٹریفک پولیس کے عہدیداروں سے رابطہ قائم کرتے ہوئے ہدایات جاری کی ۔ جاب محمد محمود علی نے متعلقہ ٹریفک عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ٹھیلہ بنڈی رانوں کو جگہ کے تخلیہ کے لئے مجبور نہ کریں بلکہ علاقہ میں ٹریفک نظام کو بحال رکھنے کے لئے ٹھیلہ بنڈیوں کے حدود متعین کرتے ہوئے زائد پولیس اہلکاروں کو متعین کیا جائے۔ انہو ںنے بتایا کہ محکمہ ٹریفک پولیس کی حرکت سے غریب ٹھیلہ بنڈی رانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور پولیس کی جانب سے ٹھیلہ بنڈی رانوں کی جبری منتقلی کے اقدامات کی وجہ سے انہیں دوسری جگہ بھی تجارت کرنے نہیں دیا جائے گا اسی لئے انہیں بے روزگار کرنے کے بجائے انہیں حدود میں تجارت کرنے کی اجازت فراہم کی جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاستی حکومت مرکزی حکومت کی جانب سے ٹھیلہ بنڈی رانوں کے لئے کی گئی قانون سازی پر عمل آوری کی پابند ہے اور ٹھیلہ بنڈی رانوں کو ہراسانی قطعی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ جناب محمد محمود علی نے کہا کہ ٹھیلہ بنڈی رانوں کو ٹریفک میں خلل پیدا کئے بغیر تجارت کی مکمل اجازت حاصل ہونی چاہئے ۔ انہو ںنے اے سی پی ٹریفک گوشہ محل مسٹر وی وی ایس راما لنگا راجو کو ہدایت دی کہ وہ ایک قطار میں ٹھیلہ بنڈی رانوں کو کاروبار کرنے کی اجازت دیں اور ٹریفک کو بہتر بنانے کے لئے مہدی پٹنم جنکشن پر زائد پولیس اہلکاروں کو متعین کیا جائے۔ مسٹر وی وی ایس راما لنگا راجو نے بتایا کہ ریاستی وزیر داخلہ کی جانب سے ہدایات موصول ہونے کے بعد مہدی پٹنم جنکشن پر ٹریفک میں خلل کے بغیر ٹھیلہ بنڈی پر تجارت کرنے والوں کو کاروبار کی اجازت کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ انہو ںنے واضح کیا کہ فٹ پاتھ اور ٹھیلہ بنڈی پر تجارت کیلئے زون کے تعین کا کام مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کا ہے اور جی ایچ ایم سی عہدیداروں سے بھی خواہش کی جائے گی کہ وہ اس سلسلہ میں واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے ٹھیلہ بنڈی رانوں کے لئے جگہ مختص کی جائے تاکہ جنکشن پر ٹریفک میں خلل نہ پیدا ہو۔